مسلم لیگ (ن) کا پریس کلب پر پٹرول، بجلی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بیش بہا اضافے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

عمران خان نے عوام کو مہنگائی میں جھوک دیا ہے، عوامی حمایت سے محروم حکومت جادو ٹونہ کے بل پر قائم ہے جس کے دن گنے جاچکے ہیں، شاہ محمد شاہ پی ڈی ایم جس روز لانگ مارچ کی کال دے گی پورا سندھ احتجاج میں مولانا فضل الرحمان کے شانہ بشانہ ہوگا، مظاہرین سے خطاب

پیر 18 اکتوبر 2021 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی پریس کلب پر پٹرول، بجلی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بیش بہا اضافے کے خلاف بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔جس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو مہنگائی میں جھوک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حمایت سے محروم حکومت جادو ٹونہ کے بل پر قائم ہے جس کے دن گنے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب کسی قسم کا فیض حکومت کو نہیں بچا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم قائد میاں محمد نواز شریف اور صدر میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جس روز لانگ مارچ کی کال دے گی پورا سندھ احتجاج میں مولانا فضل الرحمان کے شانہ بشانہ ہوگا۔

(جاری ہے)

سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک میں روز کی بنیاد پر بڑھنے والی مہنگائی درحقیقت موجودہ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول، بجلی، آٹا، دال، چاول اور خوردنی تیل سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے نے غریب عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول نا ممکن بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے برسر اقتدار آتے ہی پٹرول اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے نتیجے میں گردشی قرضوں میں کمی واقع ہو گی لیکن آج تین سال بعد مہنگائی کے ساتھ ساتھ گردشی قرضوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ہم گندم، چاول، شکر سمیت درجنوں اجناس کی برآمدات کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرتے تھے لیکن افسوس کہ آج وہی اجناس ہم کو درآمد کرنا پڑ رہا ہے۔ سینیئر نائب صدر سندھ علی اکبر گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں ملک نے ہر شعبے میں ترقی کی اور بے پناہ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت نے ملک کے قرضوں میں اضافے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

سید منور رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام سے جو بھی وعدے کئے کسی ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا لیکن ان کے تین سالوں میں پچاس لاکھ لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں۔ ناصر الدین محمود نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک جس طرح کے مسائل کا شکار ہے اس سے نکالنے کی صلاحیت صرف اور صرف مسلم لیگ ( ن) ہی کو حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکمراں استعفی دیں اور ملک میں فی الفور منصفانہ انتخابات منعقد کروائے جائیں تاکہ قوم کو مہنگائی سمیت تمام مسائل سے نجات حاصل ہو سکے ۔ حاجی شرافت اکاخیل نے کہا کہ موجودہ نااہل اور کرپٹ حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام قائدین کی کال کے منتظر ہیں۔ انہوں نے شرکت کرنے پر تمام عہدیداران وکارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر رانا احسان، غلام مصطفی ایڈووکیٹ، سید نثار شاہ، حاجی صالحین تنولی، علی عاشق گجر، فیروز خان، سلطان بہادر، اسلم خٹک، امتیاز خان، پروین بشیر سمیت بڑی تعداد میں مسلم لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں