کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، دو اہلکاروں کو اغوا کر لیا

پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے درانی مہر کچے کے علاقے کی طرف لے گئے، پولیس کی بھاری نفری مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے روانہ ہو گئی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 11 مارچ 2023 22:11

کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، دو اہلکاروں کو اغوا کر لیا
کندھ کوٹ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مارچ 2023ء) کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، دو اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔ پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے درانی مہر کچے کے علاقے کی طرف لے گئے، پولیس کی بھاری نفری مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے روانہ ہو گئی۔ ایس ایس پی عرفان سموں کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے کندھ کوٹ میں ددڑ پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا اور بھیو گینگ کے ڈاکوؤں نے دو پولیس اہلکاروں کو اسلحے سمیت اغوا کر لیا۔

ایس ایس پی عرفان سموں کا کہنا ہے کہ مغوی پولیس اہلکاروں کو جلد بازیاب کرا لیا جائے گا۔ پولیس اہلکاروں کے اغوا کے بعد ڈاکوؤں کی ہوائی فائرنگ کی وڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے۔ واضح رہے کہ آج سے دو روز قبل سندھ حکومت نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف مشترکہ آپریشن کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ اور آئی جی نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کو ملٹری گریڈ کے اسلحے کی خریداری کی سفارش ایپکس کمیٹی کے 5 جنوری 2023ء کو ہونے والے اجلاس میں کی گئی تھی ملٹری گریڈ کے اسلحے کی خریداری کے لیے 2.7 بلین روپے کی ضرورت ہے تاہم اس حوالے سے وزارت داخلہ سے بھی این او سی لی جائے گی۔ سندھ کابینہ نے پولیس کے لیے فنڈز منظور کرکے اسلحہ خریدنے کی منظوری دے دی- سندھ کابینہ نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف مشترکہ آپریشن کا فیصلہ کیا جس میں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی پولیس کے رینجرز اور فوج بھی حصہ لے گی۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشترکہ اور پری پلان آپریشن ہوگا جب کہ آپریشن آئی جی پولیس اپنی منصوبہ بندی سے شروع کریں گے۔

کشمور میں شائع ہونے والی مزید خبریں