ایک سیاست دان جیل سے نکلنے اور دوسرا بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے، بلاول بھٹو زرداری

میرا مقصد صرف عوام کے لیے الیکشن لڑنا ہے‘ نفرت، انتقام اور انا کی سیاست ختم کرکے خدمت کی سیاست کرنا ہوگی۔ کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 دسمبر 2023 14:34

ایک سیاست دان جیل سے نکلنے اور دوسرا بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے، بلاول بھٹو زرداری
کوہاٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 دسمبر 2023ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوامی سیاست کی ہے، اس وقت ہمارے مخالف ایک سیاستدان جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نفرت، انتقام اورانا کی سیاست ختم کرکے خدمت کی سیاست کرنا ہوگی، نواز شریف اور عمران خان نے 18ہویں ترمیم پر عملدرآمد نہیں کیا، ایک جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے، میرا مقصد صرف عوام کے لیے الیکشن لڑنا ہے، ہم مزدوروں کو حق پہنچانے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ صحت کی مفت سہولت ہر گھر میں ہو، ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں غربت اور مہنگائی سے ہے، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں غربت سے مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کے تمام بحرانوں اورمسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں موجود ہے، دوسرے تیار ہوں یا نہ ہوں پیپلز پارٹی کے جیالے ہمیشہ الیکشن کیلئے تیار ہیں، آج بھی قائد عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کیلئے لڑنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوامی سیاست کی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں پسماندہ علاقوں کے مظلوم عوام کی نمائندگی کی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کمزور طبقے کی نمائندگی کی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہمیں کہا گیا تھا خیبر پختونخواسے اپنے کنونشنز کا آغاز نہ کریں، خیبر پختونخوا میں سکیورٹی مسائل ہیں دہشت گرد پھر رہے ہیں، میں نے کہا پیپلز پارٹی کے جیالے ڈرنے اور جھکنے والے نہیں ہیں، کوہاٹ کے بزرگوں، بھائیوں اور بہنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پیپلز پارٹی کے کارکنان ،عہدیداران اورتنظیم کا شکر گزار ہوں، پیپلز پارٹی کے یہ کنونشن اور جلسے بہت کامیاب رہے ہیں، عوام نے دنیا میں پیغام پہنچادیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی موجود ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں