پتنگ بازی کیخلاف کریک ڈاؤن کی بجائے پولیس اہلکار خود پتنگیں اڑانے لگے

وزیراعلیٰ مریم نواز کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی میں ملوث اہلکاروں کی ویڈیو سامنے آگئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 مارچ 2024 12:52

پتنگ بازی کیخلاف کریک ڈاؤن کی بجائے پولیس اہلکار خود پتنگیں اڑانے لگے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2024ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے احکامات کی کھلی خلاف ورزی میں ملوث اہلکاروں کی ویڈیو سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے اہلکاروں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے اور باوردی پولیس اہلکار پتنگ بازی کو روکنے کی بجائے خود پتنگیں اڑا کر اپنا شوق پورا کر رہے ہیں جب کہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس معاملے پر پولیس حکام کا مؤقف بھی آیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اہلکاروں کے شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر سے 57 ملزمان گرفتار، 60 مقدمات درج، کیے گئے ہیں، ملزمان کے قبضے سے 2636 پتنگیں، 89 چرخیاں برآمد کی گئیں جب کہ گذشتہ 33 روز کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ کے ایکٹ کے تحت 3437 مقدمات درج کیے گئے، پولیس ٹیموں نے صوبہ بھر سے 3562 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، ملزمان کے قبضے سے 02 لاکھ 16 ہزار سے زائد پتنگیں، 14 ہزار سے زائد ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انورنے سپروائزری افسران کو دھاتی ڈور و پتنگوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کی ہدایت کی ہے، جس کے تحت دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری ، خرید و فروخت اور استعمال کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، سول سوسائٹی کے تعاون سے خطرناک کاروبار میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں