آصف زرداری سیاسی حکومت، فوج اور عدلیہ کو بلیک میل کرنیکی کوشش کررہے ہیں‘ فیاض الحسن چوہان

اینٹ سے اینٹ بجانے کے بیان کے بعد اینٹیں ڈھونڈنے دبئی چلے گئے تھے، یہ سمجھتے ہیں میں سیاست کا تیس مار خان ہوں آصف زرداری نے کرپشن، غنڈا گردی، قتل و غارت، منی لانڈرنگ اور کک بیکس کا انت مچایا ہوا تھا ،اب چھری کے نیچے آگئے ہیں‘ وزیر اطلاعات

اتوار 16 دسمبر 2018 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر وزیر اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آصف زرداری سیاسی حکومت، فوج اور عدلیہ کو بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں،آصف زرداری نے کرپشن، غنڈا گردی، قتل و غارت، منی لانڈرنگ اور کک بیکس کا انت مچایا ہوا تھا اور اب وہ چھری کے نیچے آگئے ہیں۔آصف زرداری کے پارٹی جلسے سے خطاب اور صحافیوں سے کی گئی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ زرداری صاحب کو تین سال پہلے ایک اشارہ ملا تھا جب انہوں نے کہا تھا کہ اینٹ سے اینٹ بجادوں گا اور وہ اینٹیں ڈھونڈنے دبئی چلے گئے تھے، یہ سمجھتے ہیں میں سیاست کا تیس مار خان ہوں، آپ جوڑ توڑ کے نہیں توڑ پھوڑ کے بے تاج بادشاہ تھے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آصف زرداری نے پچھلے دس سال کھربوں روپے کی لوٹ مار اور بد معاشی کی اور یہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں آگیا ہے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری کچھ عوامل کی وجہ سے بلیک میلنگ کر رہے ہیں، یہ کہہ رہے ہیں عمران خان کو لایا گیا ،میں پوچھتا ہوں ان کے صدر بننے سے پہلے فزیشن کی رپورٹ ہے کہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں اور وہ صدر پاکستان بن ہی نہیں سکتے تھے تو انہیں کون لایا اور انہیں کیسے صدر پاکستان بنایا گیا،انہیں پہلے این آر او کی سیڑھی چڑھایا گیا، پھر میثاق جمہوریت کے ذریعے دوسری سیڑھی اور کونڈ لیزا رائس کے ذریعے تیسری سیڑھی چڑھایا گیا، پہلے اپنے گریبان میں تو جھانکیں۔

انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب، سندھ اور خیبر پختوانخواہ میں 350 ووٹوں کی جماعت بن چکی ہے، چاہے کھربوں روپے لگادیں یہ پنجاب میں 50 ہزار افراد کا جلسہ نہیں کرسکتے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں