سا بق وفاقی وزیر تعلیم منیر حسین گیلانی کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو بلا مقابلہ سینٹر منتخب ہونے پر مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کامیابی امن پسند قوتوں کی فتح ہے ۔علامہ راجہ ناصر کا انتخاب علامہ ساجد علی نقوی کی طرف سے شہید قائد کے سیاست میں حصہ لینے کے اعلان پر عملدرآمد کا تسلسل ہے قومی پلیٹ فارم تحریک جعفریہ نے دو علما علامہ عابد الحسینی اور علامہ جواد ہادی کو سینیٹر منتخب کروایا، چیئرمین اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ

جمعہ 29 مارچ 2024 20:00

Uلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے مجلس وحدت مسلمین کے سربرا علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو بلا مقابلہ سینٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ ملکی مسائل کے حل میں اپنا کردار اد ا کریں گے۔ سید منیر گیلانی نے علامہ راجہ ناصر عباس کو ٹیلی فون پر مبارکباد دی اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

انہوںنے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کامیابی امن پسند قوتوں کی فتح ہے، جو سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ ان کا انتخاب شہید قائد ملت جعفریہ علامہ عارف حسین الحسینی کے انتخابی سیاست میں حصہ لینے کے اعلان اور بعدازاں تحریک جعفریہ کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی کی طرف سے اس اعلان پر عملدرآمد کا تسلسل ہے۔

(جاری ہے)

قومی پلیٹ فارم تحریک جعفریہ نے دو علما علامہ عابد الحسینی اور علامہ جواد ہادی کو سینیٹر منتخب کروایا۔

پھر مسلسل سیاسی جدوجہد کا حصہ رہنے کی وجہ سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ساتھ انتخابی اتحاد اور متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں بھی نمائندگی حاصل کی۔ گلگت بلتستان میں تحریک جعفریہ نے حکومت بھی تشکیل دی۔ حیرت ہے کہ کچھ کم فہم لوگ اس وقت بھی اور اب بھی سیاست میں حصہ لینے پر تنقید کرتے ہیں ، یا قومی قیادت کے سیاسی فیصلوں کی من پسند تشریح کرتے ہیں۔

منیر گیلانی نے واضح کیا کہ علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں وہ خود تحریک جعفریہ کے مرکزی سیاسی سیل کے انچارج رہے۔ کئی علما ء نے بھی سیاست میں حصہ لینے پر تنقید کی۔ لیکن ہم نے شہید عارف الحسینی کی رہنمائی سے درس لیتے ہوئے سیاست جاری رکھی۔ انتخابی سیاست میں کامیابی اور ناکامی ہوتی رہتی ہے، مگر میدان سیاست میں موجود رہنا ہی کامیابی ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کی کامیابی شہید حسینی کی سیاسی بصیرت اور ان کے قومی ورثہ تحریک جعفریہ کے پلیٹ فارم کی سیاست میں حصہ لینے کا تسلسل ہے۔ انہوںنے یاددہانی کروائی کہ ایک وقت تھا کہ ملت تشیع نے سیاست کو شجر ممنوعہ قراردے رکھا تھا ، مذہبی جماعت کے پلیٹ فارم سے سیاست میںحصہ لینے کے لیے تیار نہ تھی لیکن حالات نے ثابت کیا ہے کہ قوت نافذہ حاصل کئے بغیر اپنے حقوق حاصل نہیں کئے جاسکتے۔

کیونکہ بد قسمتی سے شیعہ حقوق کے راستے میں حکومتوں ،بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ نے رکاوٹیں ڈالیں، شیعہ کے ساتھ کو اچھا سلوک نہیں کیا اورضیا الحق کے مارشل لاء کے بعد شیعہ نے خود ہی عوامی قوت سے اپنے حقوق کا دفاع کیا۔ان کا کہنا تھا علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا سینیٹ میں انتخاب پاکستان کے لئے خوش آئند ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اسلامی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین مل کر اگر الیکشن میں حصہ لیں تو نتائج اس سے بھی زیادہ حوصلہ افزا ہو سکتے ہیں ۔

منیر گیلانی نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو بھی جنرل نشستوں پر چار امیدواروں پرویز رشید ،طلال چوہدری ،ناصر محمود اور احد چیمہ کے بلامقا بلہ منتخب ہونے، سنی اتحاد کونسل کے حامد خان اور سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی کو بھی بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے اور توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی تمام صلاحیتیں ملک میں امن کے قیام میں صرف کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں