معاشی بحران عام غریب آدمی کے لیے جان لیوا بن رہا ہے‘ذبیح اللہ بلگن

حکومت نے عید سے قبل بجلی ،پیٹرول بم گرا کر عوام کی خوشیاں بھی چھین لی ہیں‘رہنما جماعت اسلامی

بدھ 3 اپریل 2024 15:25

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) جماعت اسلامی کے رہنما ذبیح اللہ بلگن نے کہا ہے کہ معاشی بحران عام غریب آدمی کے لیے جان لیوا بن رہا ہے، حکومت نے عید سے قبل بجلی اورپیٹرول بم گرا کر عوام کی خوشیاں بھی چھین لی ہیں۔ انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں،ملک میں سیاسی عدم استحکام، معیشت، جمہوریت اور پارلیمانی سیاست کے لیے نیک شگون نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران مہنگائی کے ستائے ہوئے لوگوں پر بجلی گیس اورپیٹرول بم کے وار کرکے زندہ رہنے کا حق چھین رہے ہیں۔ دیوالیہ پاکستان کے حکمران شاہ خرچیوں اور پروٹوکو ل کی مد میں ملک و قوم کے اربوں روپے پانی کی طرح بہا رہے ہیں۔ملک کا عام آدمی بجلی، گیس، پانی کے بلوں کے بوجھ تلے دب چکا اوردو وقت کی روٹی سے محروم ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مختلف حیلے بہانوں سے ٹیکسزکے ذریعے پٹرول،بجلی، گیس اوراشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ کررہی ہے۔

ذبیح اللہ بلگن نے کہا کہ جماعتِ اسلامی سیاسی، اقتصادی بحرانوں کے حل کے لیے آئینی جمہوری سیاسی ڈائیلاگ کی حمات کرے گی اور عوام کو بیدار، منظم کرنے کے آئینی، سیاسی، جمہوری، آزاد عدلیہ کے حق کے تحفظ اور غیرجانبدارانہ انتخابی حق کے لیے عوامی جدوجہد کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں