05 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منائیں گے کشمیری اور پاکستانی ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے،وزیر برقیات چوہدری ارشد حسین

جمعرات 18 جنوری 2024 17:23

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2024ء) آزاد کشمیر کے وزیر برقیات چوہدری ارشد حسین نے کہاہے کہ 05 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منائیں گے منگلا پل پر دونوں اطراف کے عوام کا سمندر ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر دنیا کو دکھائے گا کہ کشمیری اور پاکستانی ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے۔اس اتحاد و یکجہتی سے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام جو گزشتہ 76 سالوں سے حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کررہے ہیں ان کے حوصلے بلند ہونگے اور بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے بنیادی اور مسلمہ حق کو طاقت کے زور پر غصب کرنے کی بھرپور مذمت کی جائے اس دن کا بنیادی مقصد کشمیر کاز کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا اور بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کو ملی جوش و جذبے سے منانے کے حوالے سے کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور دنیا کہ ہر فورمز پر مسئلہ کشمیر پر اپنا مضبوط اور دو ٹوک موقف اختیار کیا ہوا ہے ہماری مسلمہ بہادر افواج ایل او سی پر بھارتی افواج کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

05 فروری ہمارے اتحاد و اتفاق کی عملی تصویر ہے اس میں کسی کو بھی رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے لاکھوں کے حساب سے جانی و مالی قربانیاں دے رہے ہیں ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے ایک دن وقف کرکے اتحاد و یکجہتی کی نئی داستان رقم کرنی چاہیے تاکہ کشمیری تکمیل پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنا سکیں۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں