رمضان میں عوام کیلئے ساڑھے 12 ارب روپے کی سبسڈی دی، احسن اقبال

2 سالوں میں ہماری اصلاحات کے جب نتائج آئیں گے ملک کی معیشت دوبارہ اپنے پائوں پہ کھڑا ہوگی۔ وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 مارچ 2024 19:00

نارووال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ 2024ء ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے ماہ رمضان میں عوام کے لئے ساڑھے 12 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، آٹا، گھی، چینی اور دوسری اشیاء وافر مقدار میں یوٹیلیٹی سٹورز پر موجود ہیں۔ نارووال میں یوٹیلیٹی سٹور کے دورہ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا معاشی چیلنج ہے کہ پورے ملک کا کاروبار ادھار پہ چل رہا ہے، وفاقی حکومت کو ٹیکس کی صورت میں ریونیو ملتا ہے اس میں 1 ہزار ارب مزید قرضہ لے کر قرضہ ادا کیا جاتا ہے، یہ ایک پھندا ہے جس میں ہم پھنسے ہوئے ہیں، 4 سالوں میں جو عمران خان کی حکومت پاکستان کی معشیت کا کباڑہ کرکے گئی ہے آج اس کے شکنجے میں پوری قوم آئی ہوئی ہے، عمران خان جب یہ تباہی کررہا تھا تو ہم اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے چیخ چیخ کر کہہ رہے تھے کہ اس کی نااہلی کی قیمت کئی سال قوم کو ادا کرنا پڑے گی۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ 2 سالوں میں ہماری اصلاحات کے جب نتائج آئیں گے ملک کی معیشت دوبارہ اپنے پائوں پہ کھڑا ہو گی، حکومت کے خزانے میں پیسے آئیں گے تو ہم سبسڈی دینے کے قابل ہوں گے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعلق حکومت سے نہیں بین الاقوامی مارکیٹ کے نرخوں سے ہے، اگر روپیہ ڈی ویلیو ہوگا اور عالمی منڈی میں اضافہ ہوتا ہے تو قدرتی طور پر ہمیں بھی تیل مہنگا کرنا پڑتا ہے، ہم اپنی ضرورت کے مطابق تیل امپورٹ کرتے ہیں اس لیے اس پر ہمارا اختیار نہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو ریجنیل مینجر یوٹیلٹی سٹور سیالکوٹ ریجن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یوٹیلٹی سٹور پر 19 سے زائد اشیاء وافر مقدار میں دستیاب ہیں جو باہر کی نسبت عوام کو سستی دی جا رہی ہیں ،جس پر وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عوام یوٹیلٹی سٹوروں سے خریداری کریں تاکہ مہنگائی سے بچا جا سکے۔

نارووال میں شائع ہونے والی مزید خبریں