کراچی کے بجلی صارفین پر یکمشت اربوں روپے کا بوجھ ڈالنے کی تیاری

کے الیکٹرک نے9 ماہ کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 18 روپے 86 پیسے کا اضافہ مانگ لیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 14:00

کراچی کے بجلی صارفین پر یکمشت اربوں روپے کا بوجھ ڈالنے کی تیاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) کراچی کے بجلی صارفین پر یکمشت اربوں روپے کا بوجھ ڈالنے کی تیاری کرتے ہوئے کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے الیکٹرک کی درخواست پر 9 مئی کو سماعت کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے 9 ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 18 روپے 86 پیسے کا اضافہ مانگا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے جولائی 2023ء تا مارچ 2024ء کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کی ہے، جس میں 7 ماہ کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ اور 2 ماہ کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کمی کی درخواست کی گئی ہے، اس ضمن میں کے الیکٹرک کا درخواست مین کہنا ہے کہ 7 ماہ کا اضافہ فی یونٹ 18 روپے 86 پیسے بنتا ہے اور 2 ماہ کیلئے کمی کی مد میں 29 پیسے کی درخواست ہے، 2 ماہ کی کمی کو منہا کرکے مجموعی اضافہ فی یونٹ 18 روپے 57 روپے بنے گا۔

(جاری ہے)

ادھر مہنگائی کے بوجھ تلے دب جانے والی عوام پر گرمیوں کے آغاز پر ایک اور بجلی بم گرا دیا گیا ہے، نیپرا نے بجلی 2.94 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ، چئیرمین نیپرا کی زیر صدارت مارچ کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے عوامی سماعت ہوئی، سی پی پی اے جی نے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 94 پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست جمع کروائی تھی۔

اس سے قبل صارفین سے فروری کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 92پیسے فی یونٹ چارج کیا گیا تھا، مارچ کا فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ فروری کی نسبت صارفین سے 1روپے 98 پیسے فی یونٹ کم چارج کرنے کی درخواست کی گئی، نیپرا نے درخواست پر ہفتے کے روز فیصلہ سناتے ہوئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی، کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین کے علاوہ ملک کے تمام بجلی صارفین پر بجلی مہنگی کرنے کے فیصلے کا اطلاق ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں