مریم نوازشریف کے خلاف حکومتی وزرا کے بیانات غیرمہذب اور قابل مذمت ہیں: انجینئر امیر مقام

پی ٹی آئی حکومت نے ملکی نظام کی طرح سماجی اور معاشرتی اقدار بھی تباہ کردیں،پی ایم ایل این صوبائی صدر

ہفتہ 24 جولائی 2021 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیرمقام نے پارٹی کی نائب صدر مریم نوازشریف کے خلاف حکومتی وزرا کے بیانات کو غیرمہذب قرار دیتے ہوئے شدیدمذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی نظام کی طرح سماجی اور معاشرتی اقدار بھی تباہ کردیں،عمران نیازی کی قیادت میں ان کے وزرا کی زبان سے نکلنے والی غلاظت پورے معاشرے میں گندگی پھیلا رہی ہے، عمران نیازی کے وزیرکے چھپ کر اسرائیل جانے اور اعلی اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں کی خبریں اسرائیلی میڈیا میں شائع ہوئیں لیکن حکمران نوازشریف ، شہبازشریف، مریم نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن)پر بے بنیاد الزامات کا کیچڑ اچھال رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان ڈویژن، پشاور ڈویژن اور جنوبی اضلاع کے سینکڑوں کارکنان سے عید ملن کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرانجینئر امیر مقام اور پارٹی عہدیداروں اور کارکنان نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک دی۔ انجینئر امیرمقام نے ہفتہ کو پشاور میں عید کا چوتھا دن انتہائی مصروف گزارا ۔ ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے اے این پی کے رہنما اور سابق ضلعی کونسلر ارشاد خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کا اعلان کیا۔

ضلع صوابی کی مسلم لیگ (ن)کی قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ انجینئر امیر مقام نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنان سے موجودہ سیاسی اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ اپنے خطاب میں انجینئر امیرمقام نے کہاکہ پارٹی قیادت اور خواتین کے خلاف زبان درازی کرنے والے حکومتی گندے وزیروں کا محاسبہ کیاجائے گا۔ موجودہ حکومت نے معیشت تباہ کردی، ملک پر اربوں روپے کا تاریخی قرض چڑھادیا، تاریخی بے روزگاری اور مہنگائی کی دلدل میں قوم کو دھنسا دیا، مقبوضہ جموں وکشمیر سمیت تمام خارجہ امور پر حکومت بے بس تماشائی بنی ہوئی ہے۔

لیکن ان کی زبانیں سیاسی مخالفین کے خلاف زہر اگلنے اور گندگی پھیلانے میں لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے مریم اورنگزیب کے بارے میں گھٹیا زبان استعمال کی گئی، اب مریم نوازشریف پر کیچڑ اچھالاگیا ۔مریم نوازشریف کے خلاف بیان دینے والے عزت دار پشتونوں کے نمائندے نہیں ہوسکتے اور نہ ہی یہ لوگ پشتون روایات اور اقدار سے آگاہ ہیں۔ پشتون تو دشمن کے معاملے میں بھی اسلامی وپختون روایات کا پاس کرتے ہیں، یہ نجانے کون لوگ ہیں ۔

یہ نہ تو میزبانی کے آداب جانتے ہیں اور نہ ہی مہمان ہونے کی عزت کا ہی انہیں کوئی لحاظ ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو کام مودی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کیا، عمران نیازی وہی کچھ آزادکشمیر میں کرنا چاہتا ہے۔ قوم اس غیرملکی ایجنڈے اور اس مسلط حکومت دونوں کو مسترد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پشتونوں نے آزاد کشمیر کو آزادی دلانے میں خون بہایا، پی ٹی آئی پشتونوں کی عزت داغدار کررہی ہے۔

آزادجموں وکشمیر میں جاکر جو زبان بولی گئی، وہ شرافت کے تقاضوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیرملکی غیرقانونی چندہ لینے والے غیرملکی ایجنڈا پورا کرنے پر لگے ہوئے ہیں ۔ صوبہ بنانے اور آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کرانے کی باتیں عمران نیازی کو ملنے والے غیرملکی چندے کے اثرات ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہاکہ ملک پر بدمعاشی کا کلچر مسلط کیاجارہا ہے جو معاشرے کے عزت دار طبقات کے لئے فکر کا مقام ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبرپختونخوا کے صدر نے کہاکہ افغانستان حکومت کا وفد نوازشریف سے ملا ہے جس پر حکومتی وزرا کی بیان بازی غیرذمہ دارانہ اور دوطرفہ تعلقات کے سیاسی آداب کے خلاف ہے۔ ایسے بیان کوئی احمق حکومت ہی دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ہر شعبہ اس وقت بحران اور خطرات کی زد میں ہے لیکن غیرسنجیدہ حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو درپیش خطرات سے نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)ہی نکال سکتی ہے۔ عوام کو لوڈ شیڈنگ ، معاشی تباہی، مہنگائی، بے روزگاری سے نجات مسلم لیگ (ن)ہی دلاسکتی ہے جیسا کہ اس نے ماضی میں کرکے دکھایا۔ قومی مفادات کا تحفظ مسلم لیگ (ن)ہی کرسکتی ہے جس طرح ماضی گواہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی صرف گالیوں اور جھوٹ کا کلچر لایا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں