y پی ٹی آئی کا ملک میں اب کوئی مستقبل نہیں، سردار سلیم حیدر

Eفوجی تنصیبات اور یادگار شہداء پر حملہ ملک دشمنی ہے قوم معاف نہیں کرئے گی،عام انتخابات میں کوئی ان سے ٹکٹ لینے والا بھی نہیں ہو گا، وزیر مملکت اوورسیز پاکستانیز

اتوار 28 مئی 2023 18:25

( پنڈی گھیب ( آن لائن) وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانی و انسانی وسائل سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ملک میں اب کوئی مستقبل نہیں۔ عمران خان نے غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر کے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ تحریک انصاف چھوڑنے والوںکی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔عام انتخابات میں کوئی ان سے ٹکٹ لینے والا بھی نہیں ہو گا۔

9مئی کو ہونے والے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ فوجی تنصیبات اور یادگار شہداء پر حملہ ملک دشمنی ہے قوم معاف نہیں کرئے گی۔ان واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہئے۔ عوام بہادر اور نڈر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہاروزیر مملکت سردار سلیم حیدر نے چھپڑی میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی ملک غلام اصغر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی محافظ اور وفاق کی علامت ایک جمہوری جماعت ہے۔جمہوریت کی خاظر پیپلز پارٹی نے بے شمار قربانیاں دیں ہیں۔ آمدہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی عوام کے ووٹوں سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرئے گی ۔ پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملکی بقاء و سلامتی کی ضامن ہے۔ دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان اور شہداء کی عظیم قربانیوں نے نئی تاریخ رقم کی۔ ملک کے دفاع ، امن وسلامتی میںمسلح افواج کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہماری اولین ترجیح رہی ہے ۔

پنڈی گھیب میں شائع ہونے والی مزید خبریں