پیپلزپارٹی کی بنیاد کشمیر پر رکھی گئی، مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتوں اور قائدین کو ایک پلیٹ فام پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے، سردار یعقوب خان

بدھ 1 ستمبر 2021 22:17

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2021ء) سابق صدر و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ممبر قانون ساز اسمبلی سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد کشمیر پر رکھی گئی ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کی آزادی تک ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کیا تھا ۔پاکستان پیپلزپارٹی نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ۔

اس وقت مسئلہ کشمیر کے بارے میں تمام سیاسی جماعتوں اور قائدین کو ایک پلیٹ فام پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے ۔ مسئلہ کشمیر نازک دور سے گزر رہا ہے ، ہم سب کو متحد ہو کر مسئلہ کشمیر کے بارے میں کوئی متفقہ لائحہ عمل اپنا نا ہوگا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دورہ سندھ کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے بھٹو شہید کے مزارات پر حاضر ی اور دعا کے بعد کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے ان کے بیٹے اور ممبر قومی اسمبلی محترمہ نفیسہ شاہ کے بھائی کی وفا ت پر ان کے گھر جا کر ان سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ۔سردار یعقوب خان نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو کمزور سمجھنے والوں کی سوچ پر ماتم کرنے کادل کرتا ہے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی چاروں صوبوں کی اکائی ہے ۔

پیپلزپارٹی کو ماضی میں بھی ختم کرنے کی کوشش کی گئی جو کہ ہمیشہ سے ناکام ہوتی رہی ۔ آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے ، عوام پیپلزپارٹی کا سا تھ دیں تاکہ تبدیلی سرکارکے ستائے ہوئے لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھا جاسکے ۔ تبدیلی سرکار نے ملک کو جتنا پیچھے دھکیلا ہے اب پیپلزپارٹی ہی دوبارہ ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، پیپلزپارٹی پاکستان اور کشمیر کے عوام کی واحد امید ہے جو کہ عوام کے مسائل حل کر نے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں