کرم، کوئلہ کان میں جاں بحق ہونیوالے باپ بیٹے سمیت 4کان کنوں کی لاشیں آبائی علاقے میں پہنچادی گئیں

جمعہ 29 مارچ 2024 20:45

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) ضلع کرم کی کوئلہ کان میں جاں بحق ہونے والے سوات کی تحصیل بحرین کی باپ بیٹے سمیت 4کان کنوں کی لاشیں آبائی علاقے میں پہنچادی گئیں ۔ چاروں افراد گزشتہ روز گیس بھرنے سے جاں بحق ہوگئے تھے ۔

(جاری ہے)

تحصیل بحرین کے علاقے چھم گھڑی کے 52سالہ حکم زادہ ،اس کا بڑا بھائی ساٹھ سالہ شیرین زادہ ،بیٹا19سالہ دانش خان اور24سالہ دانش خان ولد جیبول پر ضلع کرم کے علاقے ڈنڈ جوئیدادخیل کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکہ ہواتھا جہاں پر وہ چاروں بے ہوش ہوگئے تھے اور بعدازاں بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے دم توڑ گئے تھے ۔

چاروں افراد کی لاشیں گزشتہ روز آبائی علاقے پہنچادی گئیں تو اسسٹنٹ کمشنر بحرین سکندرخان اور ڈی ایس پی مدین سیدزمان شاہ نے لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا ۔ اس موقع پر جاں بحق افراد کے لواحقین نے بتایا کہ دھماکہ کے بعد ان کے پیارے زندہ تھے لیکن کان میں طبی امداد کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے وہ دم توڑ گئے انہوں نے حکومت سے انکوائری کرنے اور ان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں