kاوتھل نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی گاڑیاں کھڑی کرکے احتجاج

ٰبلوچستان کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ظلم کیوں رکھا جارہاہے اوتھل میں کوسٹ گارڈز کی چیک پوسٹ قائم ہے

جمعرات 22 فروری 2024 20:30

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2024ء) پاکستان کوسٹ گارڈز کی مبینہ بھتہ خوری کے خلاف المحمود ٹرانسپورٹ کی جانب سے سینکڑوں گاڑیاں روڈ پر کھڑی کرکے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں احتجاجی کیمپ قائم کردیا،المحمود ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی المعروف دادگئی نے تین روز کا الٹی میٹم دیدیا،تین روز میں مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں چوتھے روز کوئٹہ کرا چی شاہراہ کو بلاک کرکے سندھ بلوچستان کا زمینی رابطہ منقطع کرنے کا اعلان کردیا جمعرات کے روز المحمود ٹرانسپورٹ کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی مبینہ بھتہ خوری کے خلاف لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل کے قریب المحمود ٹرانسپورٹ کی سینکڑوں گاڑیاں مین قومی شاہراہ کے سائیڈ پر کھڑی کرکے احتجاجی کیمپ قائم کردیا مین قومی شاہراہ پر کھڑی گاڑیوں میں سیاہ پرچم لہرادیئے گئے اور احتجاجی کیمپ میں سینکڑوں لوگ کوسٹ گارڈز کے خلاف جمع ہیں جبکہ مختلف لوگ احتجاجی کیمپ میں آکر کوسٹ گارڈز کی زیادتیوں کے خلاف ٹراسپورٹرز سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں احتجاجی کیمپ میں المحمود ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی اور ملاں بہرام خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں اپنی چیک پوسٹ قائم کررکھی ہے جبکہ ضلع حب میں الگ سے مسافرگاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے مسافرکوچز کو چیکنگ کے نام پر کوسٹ گارڈز کے اہلکاروں وافسران نے رشوت خوری کا بازار گرم کررکھاہے گھنٹوں گھنٹوں گاڑیوں کو روک کرتلاشی کے نام پر کوچزمالکان اور مسافروں کو تنگ کیا جارہاہے جبکہ مسافر کوچوں سے تین لاکھ روپے تک کا بھتہ طلب کیا جارہاہے آخر بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ یہ ظلم کیوں کیا جارہاہے اوتھل میں کوسٹ گارڈز کی چیک پوسٹ قائم ہے لیکن پھر ساٹھ کلومیٹر دور ناکہ کھاڑی چیک پر مسافرکوچوں کو روک کرتلاشی لی جارہی ہے جو مسافرکوچز کے ساتھ ظلم کی انتہاہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کوسٹ گارڈز کے مظالم کے خلاف تنگ آکر آج ہم نے اپنی گاڑیاں روڈ کے سائیڈپرکھڑی کردی ہیں اور اس ظلم کے خلاف احتجاجی کیمپ قائم کیا گیاہے اگر تین روز کے اندر اندر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو چوتھے روز اپنی گاڑیاں روڈ پر کھڑی کرکے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلاک کردیا جائے گا اور کوسٹ گارڈزچیک پوسٹ اوتھل کے گیٹ کے سامنے دھرنا بھی دیا جائے گا پھر اس ساری صورتحال پر کوسٹ گارڈز ذمہ دار ہوگئی،علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی لسبیلہ وحب کے صدر لالہ منان افغان المحمود ٹرانسپورٹ کی جانب سے قائم کئے گئے احتجاجی کیمپ میں پہنچ گئے اور المحمود ٹرانسپورٹ کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی سے ملاقات کی اور ان سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے انکے موقف کی حمایت کی اس موقع پر لالہ منان افغان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کوسٹ گارڈز مسافرکوچز کو بلاجواز تنگ کرنا بندکرے اگر یہ سلسلہ یونہی جاری رہاتو ہم بھی اس احتجاج میں شامل ہوجائیں گے اور اس احتجاج کو مزید وسعت دیکر بلوچستان اسمبلی کے سامنے بھی دھرنا دیاجائے گا۔

تھل میں شائع ہونے والی مزید خبریں