آئین کی بالادستی کو تسلیم کرنے سے ہی ملک مستحکم ہوگا ، عبدالرحیم زیارتوال

منگل 24 مئی 2022 21:35

زیارت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) آئین کی بالادستی کو تسلیم کرنے سے ہی ملک مستحکم ہوگا ، حقیقی نمائندوں کے انتخابات سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہونگے ،سرکاری مشینری کے بے دریغ استعمال اوربرائے نام اسکیمات کی تقسیم سے غیور وباشعور عوام اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرینگے ،حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مسلط سلیکٹڈ صوبائی وزیر کی جانب سے مسلسل مداخلت ،ٹیوب ویل ،شمسی ، نقد رقوم ، ترقیاتی سکیمات ، لیویز 250پوسٹوں کے پہلے وعدے اور آرڈرز دینے کا اعلان الیکشن کمیشن کے قوانین ،رولز کی صریحاً خلاف ورزی ہے صوبے کے الیکشن کمیشن کی خاموشی کا مظاہرہ نہایت افسوسناک ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال، میروائس خان ،حاجی اعظم لالا، اور دیگرمقررین نے کان ڈپو زیارت میں والہانہ استقبال اور کواس ، چینہ کے بلدیاتی دفتر کے افتتاح کے موقع پراجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چار سال مسلسل جھوٹ بولنے والے مسلط سلیکٹڈ اور بدنام زمانہ کرپٹ رشوت خور کا بلدیاتی انتخابات میں سرکاری مشینری ، لالچ ،دھونس ودھمکیوں ، سرکاری ملازمین کو ٹرانسفر کی بلیک میلنگ سے تمام ضلع اور سرکاری انتظامیہ مکمل طور پر آگاہ ہونے کے باوجود اس کا نوٹس نہ لینا الیکشن کمیشن کے قوانین اور رولز کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہیں۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی جمہوریت ، جمہوری سیاسی نظام پرپختہ یقین رکھتی ہے اور ملک میں جمہوری نظام اور میڈیا کی آزادی کیلئے سخت ترین قربانیاں دی ہیں لیکن ہمیں دکھ ہے کہ آج بھی مسلط اور سلیکٹڈ کو جمہوری نظام اور جمہوری آزادیاں قابل قبول نہیں ،آج بھی ملک میں طاقتوروں کی کرپشن کو سپورٹ اورسرپرستی جاری ہے جس کے نتائج ملک کیلئے سخت نقصان دہ ثابت ہوگی۔

جن لوگوں کے ہاتھوں آج ملک معاشی دیوالیہ پن ، عالمی تنہائی اورمختلف بحرانوں میں گر چکا ہے اور ملک کو بچانے اور بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ کسی بھی مداخلت کے بغیر صاف شفاف الیکشن ہے لیکن حالیہ غیر جمہوری عمل روزلز اور لا ء کی پائمالی کا جاری عمل سے لوگوں کا اپنے اداروں پر اعتماد کو متزلزل کررہا ہے اور اس طرح یکطرفہ من پسند اورالیکشن کمیشن کے ناروا یونین کونسلوں کی تشکیل حالیہ بلدیاتی انتخابات پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبے میں پانی کا شدید ترین بحران ہے اور ضلع زیارت پانی کی قلت کے سخت ترین شکار کے اضلاع میں سے شامل ہیں اگر پانی کے بحران کیلئے فوری اقدامات نہ کیئے گئے تو صوبہ ایک ایسے بحران میں مبتلا ہوجائیگا جس کا تدارک ناممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوہ سلیمان اور ضلع شیرانی کا جنگل آگ کی لپیٹ میں ہے اور ہنگامی اقدامات نہ ہونے کی صورت میں چلغوزے کے جنگلات کا مکمل صفایا ہوجائیگا۔

مرکزی وصوبائی حکومتوںکی غفلت او رنظر اندازی سے اب تک جو تباہی ہوئی اس کی تمام تر ذمہ داری مرکزی وصوبائی حکومت پرعائد ہوگی ۔ انہو ںنے کہا کہ اس سلسلے میں ماحولیاتی تبدیلی کے بین الاقوامی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ضلع شیرانی ،کوہ سلیمان کے اس قیمتی جنگل کو بچانے کیلئے اقدامات کرتے لیکن انہوں نے بھی نہایت غفلت ،غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے جس پر ہم دکھ کا اظہار کرتے ہیں ۔ اب بھی حکومت بلوچستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس خطرناک آگ کو بجھانے کیلئے فورقی اقدامات اٹھائیں تاکہ باقی ماندہ جنگل کو بچایا جاسکے اور ساتھ ہی جنگل کے آگ کی تحقیقات اور ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اورا نہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔

زیارت میں شائع ہونے والی مزید خبریں