والد جہانگیر ترین کی آج سٹیڈیم آمد ٹیم کیلئے خوش بختی کا سبب بنی:علی ترین

جنوبی پنجاب سے شائقین دبئی آکر ہماری ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں:مالک ملتان سلطانز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 فروری 2019 22:15

والد جہانگیر ترین کی آج سٹیڈیم آمد ٹیم کیلئے خوش بختی کا سبب بنی:علی ترین
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین کا کہنا ہے کہ ان کے والد جہانگیر ترین کی آج سٹیڈیم آمد ٹیم کیلئے خوش بختی کا سبب بنی ۔دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے علی خان ترین کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی ٹیم کی پہلی کامیابی پر بہت خوشی ہوئی ہے ،ان کے والد جہانگیر ترین کی آج سٹیڈیم آمد ٹیم کیلئے خوش بختی کا سبب بنی،علی ترین کا کہنا تھا کہ ایک موقع پر میچ پھنس گیا تھا تاہم لالہ شاہد آفریدی کے 2 چھکے کمال تھے، علی شفیق جیسے نوجوان کھلاڑی کی کارکردگی بھی متاثر کن تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سے شائقین دبئی آکر ہماری ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹ لی۔دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 126 رنز کا ہدف دیا جس کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے سلطانز نے میدان مار لیا، کپتان شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، شان مسعود 26، رسل اور شاہد آفریدی 16،16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 2، وقاص مقصود اور محمد سمیع نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ملتان سلطانز کی یہ ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے، گزشتہ روز کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔اس سے قبل میچ کا ٹاس ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور رضوان حسین نے اننگز کا آغاز کیا، محمد عرفان نے 25 رنز کے مجموعی سکور پر رضوان کو پویلین واپس بھیجا اور اگلے ہی اوور میں علی شفیق نے کیمرون ڈیلپورٹ کو آﺅٹ کردیا۔

لیونک رونکی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن شاہد آفریدی نے انہیں 51 رنز پر پویلین بھیج دیا ،اگلے ہی اوور میں جنید خان نے حسین طلعت کو بھی آفریدی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کرواکر اسلام آباد کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔فلپ سالٹ بھی 4 رنز بناکر آفریدی کا شکار بنے، پچھلے میچ کے ہیرو آصف علی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، شاداب خان بھی 15 رنز بناکر علی شفیق کا شکار بنے۔ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان، علی شفیق اور شاہد آفریدی نے 2،2 جبکہ محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 16/02/2019 - 22:15:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :