قومی ٹیم کا سامان ضبط ہونیکی خبریں غلط ہیں:پی سی بی

ادارہ خود مختار، حکومتی سطح کے نقصان کی ادائیگی کے پابند نہیں : ترجمان کرکٹ بورڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 جولائی 2020 12:53

قومی ٹیم کا سامان ضبط ہونیکی خبریں غلط ہیں:پی سی بی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا ہے کہ انگلینڈ ٹور پر موجود قومی ٹیم کا سامان ضبط ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ براڈشیٹ ایل ایل سی نامی کمپنی نے 2018ء میں حکومت پاکستان اور قومی احتساب بیورو کیخلاف ثالثی عدالت میں مقدمہ جیتا تھا اور آئزل آف مین سے تعلق رکھنے والا ادارہ اپنا نقصان پورا کرنے کی غرض سے قومی کرکٹ ٹیم کا سامان اور دیگر اثاثے ضبط کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

انگلش میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق براڈشیٹ ایل ایل سی نے حکومت پاکستان کا مقدمہ لڑنے والی لیگل فرم ایلن اینڈ اوویری کو خط ارسال کیا کہ پاکستانی گورنمنٹ پر ان کے 33 ملین ڈالرز واجب الادا ہیں لہٰذا کمپنی اس بات کا حق رکھتی ہے کہ وہ پاکستانی ٹیم کا سامان اور دیگر اثاثے ضبط کرلے ۔

(جاری ہے)

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی ایک خود مختار ادارے کی حیثیت سے حکومتی سطح کے کسی بھی نقصان کی ادائیگی کا پابند نہیں لہٰذا اس بابت پاکستانی سفارت خانے سے فوری رابطہ کرلیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں برطانیہ اور امریکا میں کم وبیش 200 پاکستانیوں کے اثاثوں کا پتہ لگانے کے لیے آئزل آف مین رجسٹرڈ براڈشیٹ ایل ایل سی نامی فرم کی خدمات حاصل کی گئی تھیں اور اس سلسلے میں آصف علی زرداری، بینظیر بھٹو، نواز شریف اور لیفٹیننٹ جنرل اکبر کو بطور خاص ہدف بنایا گیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت مقررہ اہداف سے وصول شدہ رقم میں سے 20 فیصد کمپنی کو ادا کی جانی تھی، تاہم کسی بھی الزام کا ثبوت نہیں ملا اور ایک عشرے کے دوران برطانیہ سے ایک روپیہ بھی واپس نہیں لایا جاسکا۔

ذرائع کے مطابق ان اخراجات سے ہٹ کر براڈ شیٹ کمپنی فیصلہ اپنے حق میں آنے کے بعد نیب سے قانونی چارہ جوئی اور کیس کے اخراجات کی مد میں مزید ایک کروڑ امریکی ڈالر کا دعویٰ بھی کرے گی جبکہ سود کی مد میں 7 فیصد بھی وصول کرنا چاہے گی۔ دوسری جانب اگرچہ براڈ شیٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کیخلاف کسی قسم کا کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی، لیکن براڈ شیٹ کمپنی العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا اور جرمانہ عائد کیے جانے کے بعد مزید 60 لاکھ امریکی ڈالر کا دعویٰ بھی کریگی کیونکہ فرم نے سب سے پہلے کیس پر کام شروع کرکے نیب کو شریف خاندان کے خلاف دستاویزات فراہم کی تھیں۔
وقت اشاعت : 28/07/2020 - 12:53:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :