گرین شرٹس کی مصروفیات,جنوبی افریقہ کا دورہ آئندہ سال تک ٹل گیا

اکتوبر میں شیڈول 3 ون ڈے اور3 ٹی ٹونٹی میچز کورونا کی وجہ سے غیر معینہ مدت تک ملتوی ہوئے تھے ،دونوں ممالک متبادل ونڈو کی تلاش میں سرگرداں،پاکستانی ٹیم کے پاس رواں سال وقت نہیں،پروٹیز مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سے دوچار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 ستمبر 2020 14:32

گرین شرٹس کی مصروفیات,جنوبی افریقہ کا دورہ آئندہ سال تک ٹل گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2020ء ) گرین شرٹس کی مصروفیات کے باعث جنوبی افریقہ کا دورہ آئندہ سال تک ٹل گیا،اکتوبر میں شیڈول 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کورونا وائرس کی وجہ سے غیر معینہ مدت تک ملتوی ہو گئے تھے ،دونوں ممالک متبادل ونڈو کی تلاش میں سرگرداں مگر ری شیڈولنگ میں شدید مشکلات درپیش کیونکہ پاکستانی ٹیم کے پاس رواں سال کے اختتام تک وقت نہیں جبکہ پروٹیز مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کا دورہ جنوبی افریقہ آئندہ سال تک ٹل گیا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز 2020ء میں محدود اوورز کے میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے مناسب وقت نکالنے کے اعتبار سے جدوجہد میں مبتلا ہیں۔آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پاکستانی ٹیم کو اکتوبر میں 3 ون ڈے اور 3 ٹونٹی میچوں کی سیریز کیلئے جنوبی افریقہ جانا تھا لیکن کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث اس سیریز کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ نے اگرچہ حال ہی میں اپنی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کرلیا لیکن فی الحال کسی بھی ٹیم کو انٹرنیشنل لیول پر کھیلنے کی اجازت نہیں جس کے پیش نظر پاکستانی ٹیم بھی دورے پر جانے سے قاصر ہے جسے دیگر ممالک کیخلاف چیلنجز درپیش ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہر ممکن آپشن پر کام کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف سیریز کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی آئندہ مصروفیات سے پروٹیز حکام کو آگاہ کردیا ہے ۔

واضح رہے کہ نومبر میں قومی کرکٹ ٹیم کی زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز کے انتظامات کئے جا رہے ہیں جس کیساتھ ہی 14سے 17نومبر تک لاہور میں پی ایس ایل 5 کے پلے آف میچوں کا انعقاد بھی کیا جائیگا اور اسکے بعد گرین شرٹس نیوزی لینڈ روانہ ہو جائیںگے جہاں انہیں نومبر اور دسمبر میں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں شریک ہونا ہے یوں رواں برس کے اختتام تک پاکستانی ٹیم کے پاس کوئی وقت نہیں کہ وہ پروٹیز کیخلاف میچوں کا انعقاد ممکن بنا سکے۔

جنوبی افریقی ٹیم کو آئندہ برس جنوری سے لیکر مارچ کے درمیان سری لنکا اور آسٹریلیا کے علاوہ پاکستان کیخلاف بھی میچوں کا اہتمام کرنا ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے فی الحال کچھ بھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ شیڈولنگ کس طرح طے کی جائیگی جبکہ فی الوقت بھی جنوبی افریقی ٹیم کسی ملک کا سامنا کرنے کو تیار نہیں جس کے کئی کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کی وجہ سے دستیاب نہیں اور آئندہ سال کے اوائل میں بھی یہی مسائل ایک بار پھر درپیش ہوسکتے ہیں جب کوویڈ 19کی صورتحال میں بہتری کے بعد بھارتی لیگ اپنے مقررہ وقت یعنی اپریل میں کھیلی جائیگی اور پاکستان کیساتھ جنوبی افریقہ کیلئے بھی ونڈو تلاش کرنا آسان نہیں ہوگا۔
وقت اشاعت : 23/09/2020 - 14:32:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :