پی ایس ایل 7، جیسن روئے کی شاندار سنچری، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 وکٹوں سے کامیاب

برطانوی بلے باز نے 11 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 57 گیندوں پر 116 رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 7 فروری 2022 23:20

پی ایس ایل 7، جیسن روئے کی شاندار سنچری، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 وکٹوں سے کامیاب
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 فروری 2022ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے 15 ویں میچ میں جیسن روئے کی شاندار سنچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے لیگ کے 15ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز اچھا رہا اور اوپنر عبداللہ شفیق اور فخرزمان کے درمیان 61 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم عبداللہ 27 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

لاہور کو دوسرا نقصان کامران غلام کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 13 گیندوں پر 19 رنز بناکر پویلین لوٹے، محمد حفیظ ایک بار پھر بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 8 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

(جاری ہے)

فخر زمان جارحانہ بیٹنگ کرتے رہے تاہم وہ بھی 45 گیندوں پر 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن اختتامی اوورز میں ہیری بروک کی جارحانہ اننگز کی بدولت لاہور نے مقررہ 20 اوورز میں 204 رنز بنائے۔

ہیری بروک 17 گیندوں پر 41 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اس کے علاوہ ڈیوڈ ویزا نے 9 گیندوں پر 22 رنز بنائے ۔ کوئٹہ کی جانب سے غلام مدثر نے 2 جبکہ افتخار احمد نے اور کوک ووڈ نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز دھواں دار رہا، اوپنر جیسن روئے نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے۔

تاہم جب ٹیم کا اسکور 71 رنز پر پہنچا تو اوپنر احسان علی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد جیسن روئے نے قلندرز کے بولرز پر لاٹھی چارج شروع کردیا اور سنچری مکمل کی۔ تاہم جیمز ونز کے ساتھ 96 رنز کی شراکت داری قائم ہونے کے بعد روئے 57 گیندوں پر 116 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ اختتامی اوورز میں جیمز ونس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ نےکامیابی حاصل کی۔

میچ کے لیے لاہور قلندرز نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی البتہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ گلیڈی ایٹرز نے فائنل الیون میں جیسن روئے، غلام مدثر اور لیوک وُڈ کو شامل کیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، جیمز ونس، احسن علی، جیمز ونس، غلام مدثر، افتخار احمد، محمد نواز، جیمز فلکنر، شاہد آفریدی، لیوک وُڈ اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے جب کہ لاہور قلندرز کی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروکس، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف، زمان خان شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 07/02/2022 - 23:20:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :