کرکٹ اور سیاست ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ،اینڈی پائیکرافٹ کی معافی کے بعد اب تمام تر توجہ کرکٹ پر مرکوز ہونی چاہیے۔چیئرمین پی سی بی

بدھ 17 ستمبر 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ اینڈی پائیکرافٹ کی معافی کے بعد اب تمام تر توجہ کرکٹ پر مرکوز ہونی چاہیے۔پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ 14ستمبر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی تھی جس پر ہم نے آئی سی سی سے انکوائری کی درخواست کی، تاہم اینڈی پائیکرافٹ نے معافی مانگ لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ اور سیاست ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، کھیل کو کھیل ہی رہنے دینا چاہئے۔محسن نقوی نے کہا کہ اگر ہمیں بائیکاٹ کا فیصلہ کرنا پڑتا تو یہ ایک بڑا قدم ہوتا، اس حوالے سے وزیراعظم اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی گئی تھی۔ اللہ نے پاکستان کو عزت دی ہے، امید ہے کہ آئندہ ہم سیاست کے بجائے صرف کرکٹ پر فوکس کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ ٹورنامنٹ کے آخر تک ٹیم کی سپورٹ کریں، خامیاں سامنے آئیں گی تو سلیکٹرز ان کا جائزہ لیں گے۔

سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا موقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ کھیل میں سیاست شامل نہیں ہونی چاہیے۔ ہم نے سیاست نہیں کھیلی بلکہ سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کیا، معافی کا مطالبہ کیا اور وہ منظور بھی کر لی گئی۔سابق چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ یہ صورتحال مشکل ضرور تھی مگر آخرکار پاکستان کا موقف تسلیم کیا گیا۔ یہ ہماری فتح ہے، اب کھلاڑیوں کو فیلڈ میں ثابت کرنا ہے کہ ہم کتنی عظیم قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اینڈی پائیکرافٹ ماضی میں اکثر بھارت کے میچز میں ریفری رہے ہیں، جس سے یکطرفہ رویہ محسوس ہوتا تھا، تاہم اب تمام تر توجہ صرف اور صرف کرکٹ پر ہونی چاہئے۔
وقت اشاعت : 17/09/2025 - 22:30:02