پاکستان حلال گوشت پیدا کرنےوالے ممالک کی فہرست میں پانچویں اورگوشت ایکسپورٹ کرنےوالے ممالک کی فہرست میں 19ویں نمبر پر آگیا

پیر 12 فروری 2024 13:08

پاکستان حلال گوشت پیدا کرنےوالے ممالک کی فہرست میں پانچویں اورگوشت ایکسپورٹ کرنےوالے ممالک کی فہرست میں 19ویں نمبر پر آگیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2024ء) پاکستان حلال میٹ ایکسپورٹر ز اینڈ پروسیسر ز ایسوسی ایشن کے ترجمان محمد اخلاق قریشی نے بتایاکہ پاکستان حلال گوشت پیدا کرنے والے ممالک کی فہرست میں پانچویں جبکہ حلال گوشت ایکسپورٹ کرنے والے ممالک کی فہرست میں 19ویں نمبر پر آگیا ہے جبکہ پاکستان اس وقت بحرین،متحدہ عرب ا مارات،کویت،عمان اور سعودی عرب کو 375ملین ڈالر سے زائد کا گوشت سالانہ برآمد کر رہا ہے تاہم 30سے زائد ملکی کمپنیاں گوشت کی برآمد بڑھانے اور قطر کے علاوہ دیگر عالمی منڈیوں میں گوشت کی سپلائی کیلئے کوشاں ہیں لہٰذا گر حکومت میٹ ایکسپورٹرز کو ضروری معاونت فراہم کرے تو پاکستانی حلال گوشت کی برآمد 900ملین ڈالر سالانہ تک بڑھائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ آج اگر کوئی تجارتی شعبہ سب سے زیادہ زیر بحث ہے تو وہ لائیو اسٹاک کی پیداوار اور اس کی برآمدات ہیں کیونکہ اس کی سب سے بڑی وجہ حکومت کی اس شعبے میں دلچسپی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سالوں میں گوشت برآمد کرنے والی پاکستانی کمپنیوں نے اپنی مارکیٹنگ کو بہت زیادہ آگے بڑھایا ہے جس کی بڑی وجہ ای کامرس کا بڑھتاہوا رجحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوشت کی پیداوار میں پانچویں نمبرپر ہونے کے باوجود ہم امریکا،یورپ او بیشتر ایشیائی ممالک کو گوشت برآمد نہیں کر رہے جبکہ ہمارا ہمسایہ ملک ہندوستان دنیا میں گوشت کا دوسرا بڑا ایکسپورٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں حلال گوشت کی پیداوار پاکستان کی نسبت کم ہے جبکہ تھائی لینڈ دنیا کے حلال گوشت کا 6فیصد مہیا کر رہا ہے اور ملائیشیا بھی 2023کے آخر تک جی ڈی پی کا6فیصد پیدا کرنے میں کامیاب رہا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم بیف کی بات کریں تو بیف کی برآمدات میں برازیل دنیا کے تمام ممالک پر بازی لے گیا ہے جس کے باعث برازیل کے بعدہندوستان،آسٹریلیااور امریکاسرفہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان بیف کی برآمدات میں چودہویں نمبر پر ہے اس لئے ملک میں گوشت کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے لائیوسٹاک کے شعبہ پر تو جہ د ینا ناگزیرہے لہٰذا لائیوسٹاک کے شعبے کو فروغ دیکر نہ صرف گوشت کی برآمد کو بڑھا بلکہ قیمتی زرمبادلہ کما کر معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوشت،پروٹین اور وٹامنز کے براہ راست حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اس لئے خوراک میں گوشت کی اہمیت سے کسی صورت کوئی ذی شعور انکار نہیں کرسکتا جبکہ گوشت لذت کے اعتبار سے ایک مثالی غذا ہے جو تقریباًدنیا کے تمام ممالک میں مختلف النوع جانوروں جن میں دنیاوی لحاظ سے حلال و حرام دونوں موجود ہیں، انہیں گوشت کے حصول کے استعمال میں لایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رسم و رواج سے بالاتر ہو کر اب ضرورت اور انسانی خوراک کا سب سے بڑا جزوہے اس لئے ہمیں حلال گوشت کی برآمد بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

Browse Latest Business News in Urdu