نگا ہ اہل وطن میں بڑے حقیر ہو تم

بدھ 29 مئی 2019

Chaudhry Muhammad Afzal Jutt

چوہدری محمد افضل جٹ

جمہوری سماج میں ہر شخص کو اظہار تحریر و تقریر کی آزادی کا حق حاصل ہوتا ہے ہونا بھی چاہیے کیونکہ یہ جمہوریّت کے فلسفے کی پہلی شق ہے لیکن اس آزادی کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ آدمی کے جو جی میں آئے وہ کہتا پھرے اور جو من میں پرورش پائے اسی کی تسکین کے لئے جیسے چاہے کرتا پھرے اگر جمہوریّت میں اس طرح کی آزادی کارواج ہوتا تو آج جمہوری دنیا میں یہ نظام کب کا زوال پذیر ہو چکا ہوتا لیکن عالم جمہوریّت میں پاکستان وہ دیس ہے جہاں جمہوریّت کی آڑ میں ایسے ایسے قول و فعل کا پرچار کیا جاتا ہے کہ جس کو دیکھ کر اور سن کر جمہوریّت تو کیا شیطانیّت بھی شرمسار ہو جاتی ہے ایسا ہی کچھ جمہوریّت کی آڑ میں وطن عزیز کی سالمیّت ،استحکام اور سلامتی سے کیا جا رہا ہے کل شمالی وزیرستان میں خرقمر چیک پوسٹ پر متعین سیکیورٹی اہلکاروں پر محسن داوڑ اور علی وزیرکی قیادت میں پی ٹی ایم کے جھتے نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار شدید زخمی ہوئے اپنے تحفظ میں کی جانے والی جوابی کاروائی میں حملہ کرنے والے تین شرپسند مارے گئے اور دس زخمی ہوئے علی وزیر اور اس کے دس کارکنوں کو گرفتار کر لیا جبکہ محسن داوڑ ہجوم کی آڑ میں فرارہو گئے اس واقعے کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ کل سے افغان اور انڈین میڈیا اس واقعہ کے بارے میں شر انگیز پراپیگنڈہ کررہا ہے اور سوشل میڈیا پرجعلی تصاویر کے ذریعے حقائق کو مسخ کر رہا ہے یہی نہیں پاکستا ن میں بھی لبرل اور آزاد خیال میڈیا اور غیرملکی این جی اوز پاکستا ن اور قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہیں اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے ایک غیر ملکی این جی اوز کی کارکن گلالئی اسماعیل تو ساری حدیں ہی کراس کر گئی گلالئی نے کہا کہ نائن الیون کے بعد وزیرستان میں آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے پشتون قبائل کے بچے اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کی ان پر جنسی تشدد کیا گلالئی کی اس شرمناک اور اخلاق باختہ گفتگو کے بعد محسود قبائل کے سرداروں نے ایک پریس کانفرنس میں گلالئی کے اس قابل نفر ت بیان کو رد کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی امدادکے بدلے شرم و حیاء کا ہر انگ اور ہر اقدار بیچنے والی نے ہماری عفت مآب بہنوں ،بیٹیوں اور بہوؤں کی حرمت و عصمت پر وار کیا جو کہ قابل مذمت ہی نہیں بلکہ انتہائی قابل نفرت ہے جس سے محسود قبائل کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے انہوں نے گالئی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بیان کو واپس لے اور محسود قبائل سے معافی مانگے کیونکہ یہی انسانی اور اخلاقی اقدار کا تقاضا ہے قبائلی سرداروں نے کہا کہ ہم نے جو قربانیاں دی ہیں وہ اپنے ملک کی بقاء ،سلامتی اور تحفظ کے لئے دی ہیں ہمیں ان قربانیوں پر فخر ہے اور جو کچھ پی ٹی ایم کر رہی ہے وہ سب ملک و ملّت کے خلاف ہے جو وطن دشمنوں کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے کیا جا رہا ہے علاوہ ازیں اورکزئی کے علاقے فیروز خیل میں پی ٹی ایم اور گلالئی کے خلاف دکانداروں ،تاجروں،سول سوسائٹی کے اراکین اور محسود قبائل کے لوگوں نے احتجاجی ریلی نکالی ،پاک کے حق میں زندہ باد پاکستان،پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے پی ٹی ایم ،گلالئی اور منظور پشین کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا اور کہا اورکزئی قبائل نے کل بھی سیکیورٹی اداروں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ پاک وطن کے لئے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی وہ اپنے وطن کی حفاظت کے لئے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے کہا جو لوگ جمہوریت کی آڑ میں ملک و قوم کی سلامتی سے کھلواڑ کر رہے ہیں ان کو ملک بدر کر کے ان کے آقاؤں کے پاس بھیجا جائے۔

(جاری ہے)


کون نہیں جانتا کہ پی ٹی ایم کا ایجنڈا کیا ہے اور این جی اوز کس مقصد کے لئے کام کر رہی ہیں یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے ہر اصول،اپنی ہر اقدار ،اپنا ضمیر ،اپنی سوچ اور اپنی فکر کوچند ٹکوں کے عوض ملک دشمن طاقتوں کو بیچ دیا ہے اور اسی دولت کے بل بوتے پر ریاست اور ریاستی ادارو ں کے خلاف مکروہ اور شرمناک بہتان طرازی کرتے ہیں مگر قوم کی نظر میں یہ لوگ کل بھی کم ظرف تھے آج بھی قابل نفرت ہیں اور کل بھی یہ نیچ ہی گردانے جائیں گے۔


اصول بیچ کر مسند خریدنے ولو
نگاہ اہل وفا میں بہت حقیر ہو تم
حرمت وطن کا پاس تمہیں تھا نہ ہو سکے گا کبھی
کہ اپنی حرص کے بندے ہو بے ضمیر ہو تم
ہمارے پشتون بھائیو ۔اس شر انگیزی کے بعد آپ پی ٹی ایم کے اصل چہرے اور گھناؤنے عزائم سے واقف ہو گئے ہیں کہ ان کا ایجنڈاپشتون قوم کی بھلائی یا خیر خواہی نہیں بلکہ قومی سلامتی،استحکام اور قومی وحدت کو پارہ پارہ کرکے اپنے غیر ملکی آقاؤں کے ملک دشمن مقاصد کی تکمیل کرنا ہے ہم پاکستانیوں کی سب سے بڑی بد قسمتی یہ ہے کہ ہم جن لوگوں کو اپنی وفاداریوں اور حمایت سے عزت و وقار کے اعلیٰ منصب پر پہنچاہتے ہیں وہ ہوس زر اور جھوٹی شہرت کی خاطر ہماری دھرتی اور قومی اداروں کی تضحیک و تذلیل کو اپنا شیوہ بنا لیتے ہیں لیکن ہم سب کو ایک بات یاد رکھنی چاہیے کہ جو اپنی مٹی سے ۔

،،جس نے اس کو نام دیا ،عزت دی، شہرت دی ،وقار دیا ،،وفا نہ کر سکا وہ ہم سے کیا وفاداری نبھائے گا۔
پی ٹی ایم والو ۔تم بھی یاد رکھو کہ جس نے بھی اس وطن عزیز کو گالی دی،اس مٹی کی حرمت اور دھرتی کے تقدس کو پامال کیا ذلتّ و رسوائی اس کا مقدر بن گئی ۔گمنامی کی تاریک وادیاں اس کا مسکن ٹھہریں۔ایک سو نوے ممالک میں دو تیں کے علاوہ سب طاقتیں سب ریاستیں اس مملکت خداداد کو ناکام اور کمزور کرنے کی سازشوں میں لگی ہوئی ہیں ۔مگر اللہ ربّ العزت کی رحیمی اور کریمی سے یہ دیس آگے کی جانب ہی گامزن ہے۔اور تمہاری تو اوقات ہی کیا ہے۔۔۔۔کیا پدّی اور کیا پدّی کا شور۔۔۔۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :