بڑی سادگی سے زمانہ ....

جمعرات 15 جولائی 2021

Farrukh Saleem

فرخ سلیم

البر ٹ نار تھ امریکہ کی ایک بڑی موٹر کار کمپنی کا پریزیڈنٹ تھا۔ ایک دن وہ اپنے دفتر میں بیٹھا  "نئے خیالات" New Ideas کی فائیل دیکھ رہا تھا۔ جیسے ہی اس کی نظر ایک فائیل پر پڑی جس کا ٹائیٹل تھا " عوامی کار"۔ اس نے دوسری فائلیں چھوڑ کر وہ فائیل اٹھا لی۔ یہ آئیڈیا  کمپنی کہ ایک نئے اور نوجوان ڈیزائین انجنئیرکی طرف سے تھا۔ اس نے  اپنی  رپورٹ کے خلاصہ میں لکھا تھا
" ہماری کمپنی کوئی بھی ایسی گاڑی نہیں بنا رہی، جو ایک عام آدمی کی قوتِ خرید کے اندر ہو۔

میں ایک ایسی چھوٹی اور سستی کار مینو فیکچر کرنے کا  آئیڈیا پیش کر رہا ہوں، جسے ایک عام حیثیت کا ادمی بھی خرید سکتا ہو"............
البرٹ کے ہاتھ سے فائیل چھٹ گئی اور اسکے  ذہن نے ماضی میں چھلانگ لگا دی، ٹھیک 25 سال پہلے جب وہ اسی کمپنی میں انٹرویو دے رہا تھا۔

(جاری ہے)

وہ حال ہیں میں یونیورسٹی سے فارغ ہو اتھا ۔ اس کمپنی میں بطور ڈیزائین انجینئر کام کرنا اس کا پہلا خواب اور ایک عوامی گاڑی بنانا اس کا دوسرا خواب تھا، ایک ایسی گاڑی جو  اچھی  ہو اور اتنی سستی  ہو کہ ہر شخص خرید سکے۔


انٹرویو لینے والوں کا پینل بہت بڑا تھا۔جب کمپنی کے پریذیڈنٹ نے اس سے سوال کیا " تم اس کمپنی کے بزنس اور ساکھ کو بہتر بنانے کے لئے کس طرح کار آمد ہو سکتے ہو" تو اسے عوامی گاڑی کے خواب کو بیان کرنے کا سنہری موقع  ہاتھ آ گیا۔ اس نے اپنے نوجوان لہجے کی پوری توانائی اور جوش کے ساتھ عوامی کار کا منصوبہ بیان کیا۔ جب اس کا جواب ختم ہوا تو پریزیڈنٹ نے براہِ راست اس کی آنکھوں میں دیکھ کر کہا
"  یہ نوکری تمہاری ہے۔

جاؤ ا ور اس عوامی کار کا ڈیزاین تیا ر کرو، کمپنی کے سارے وسائیل تمہارے ساتھ ہیں۔ جہاں کوئی مسئلہ ہو سیدھے میرے پاس چلے آنا"
اسکے بعد پھر البرٹ تھا اور اس کی عوامی گاڑی کا پروجیکٹ، اس نے کبھی مڑ کر نہیں دیکھا۔ آنے والے قومی  موٹر شو میں جب اس گاڑی کا ماڈل ڈسپلے پر رکھا گیا تو عوام اور کار ڈیلر ٹوٹ پڑے۔ لوگ ہاتھوں میں چیک بک لئے بکنگ کے لئے بے قرار کھڑے تھے اور ان کی قطاریں ہال سے نکل کر پارکنگ لاٹ کے باہر دور تک جا چکی تھیں۔

کمپنی نے اس سال  عوامی گاڑی کی وجہ سے بزنس کے سار ے ریکارڈ توڑ ڈالے۔ البرٹ کی فوری ترقی ہو گئی۔ ایسی ترقی جو لوگوں کو سالہا سال میں نہیں ملتی ۔ اسے عوامی کار پروجیکٹ سے نکال کر ایک اور چیلنجنگ کام دے دیا گیا
دوسرے سال  مارکیٹینگ کی رپورٹ کے پیشِ نظر عوامی کار میں ائیر کنڈیشنر کا اضافہ ہو گیا کہ ملک کے  کچھ حصوں میں گرمی پڑتی ہے۔

اس سے اگلے سال اعداو شمار کی بنیاد پرگاڑی کا ٹرنک بڑا کر دیا گیا تاکہ عوام کو اس گاڑی میں زیادہ سامان رکھنے کی سہولت میسر آ جائے۔ اس سے اگلے سال گاڑی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے انجن کا سائز بڑھایا گیا، ساتھ ہی ساتھ ٹائروں کے سائز میں اضافہ نا گزیر ہو گیا۔ البرٹ تمام رپورٹیں پڑھتا تھا، لیکن چونکہ کمپنی کی طرف سے اب اسکاعوامی کار کے پروجیکٹ سے کوئی تعلق نہ تھا ا سلئے صرف دل مسوس کر رہ جاتا تھا اور کچھ کر نہیں سکتا تھا۔


گا ڑی کی فروخت میں کمی آئی تو مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائیرکٹر کو فائر کر دیا گیا کہ عوامی گاڑی کی مارکیٹنگ کمپین  اچھی نہیں تھی۔ سلیز والوں کی مصیبت آئی، ڈیلر لتاڑے گئے، کوالٹی کنٹرول والے جھاڑے گئے۔ البرٹ دیکھتا تھا کہ سب ہی اپنے کرتب کرتے رہے، کہانی کا رخ نہایت اہستگی اور خوبصورتی سے موڑا جاتا رہا، لیکن یہ کسی نے نہ سوچا کہ عوام کی جیب میں کیا ہے؟۔

سب کچھ عوام کی خاطر کیا گیا لیکن عوامی گاڑی عوام کے ہاتھوں سے دور ہوتی چلی گئی۔ آج ایک  نوجوان ڈیزائین انجینئر پھر تجویز پیش کرر ہا ہے کہ ہمیں عوامی گاڑی بنانی چاہئے
البرٹ نے  فائیل پر نوٹ لکھا
"  عوامی گاڑی ضرور بناؤ لیکن اسکی قیمت فروخت میں  افراطِ زر کے علاوہ کوئی اضافہ نہ ہو۔ گاڑی کی سہولتوں میں اضافہ اگر قیمت میں اضافہ کرتا ہے تو یہ ناقابلِ قبول ہے۔ کسی نہ کسی مرحلہ پر ہمیں ابتدا کی طرف رجوع کرنا پڑتا ہے یعنی Back to Basics ۔25 سال پہلے بنائی جانے والی عوامی گاڑی کی فائلوں کا بغور مطالعہ کرو۔ تمہیں میری بات کا جواب مل جائے گا  "

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :