اعزازی گیم وارڈن وائلڈ لائف بدر منیر چوہدری کے قابل تحسین اقدامات

پیر 19 اگست 2019

Hafiz Zohaib Tayyab

حافظ ذوہیب طیب

 وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق وائلڈلائف پارکس کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور عام عوام کو سہولیات فراہم کر نے کے لئے منظم انداز میں کام جاری ہے ۔اس بات میں کسی قسم کی کوئی دو رائے نہیں کہ اگر کسی ادارے کو مخلص، نیک ، ایمانداراور لوگوں کے لئے کچھ کر گزرنے کا جذبہ رکھنے والا افسر میسر آجائے تو پھر کچھ ہی دنوں میں اس کی محنتوں کے مثبت ثمرات و نتائج سامنے آنا شروع ہو جاتے ہیں ۔

اس کا واضح ثبوت پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان ہیں جن کی نیک نامی اور ایمانداری کی وجہ سے تباہی کی جانب جاتا پاکستان ، ترقیوں کی شاہراہ پر گامزن ہو گیا ہے اور انشا ء اللہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے بہت جلد مشکل ترین حالات ، بہترین حالات میں تبدیل ہو جائیں گے۔ یہ اسی کامیاب پالیسی کا تسلسل ہے کہ پنجاب میں بھی بطور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اب ہر محکمے و ادارے میں کام ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور جس کے ثمرات سے عام آدمی بھی مستفید ہو رہا ہے ۔
یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزادر کے تبدیلی ویژن کے مطابق پنجاب میں روز بروز محکموں کے معاملات بہتر ہو رہے ہیں اور جس کی مثال محکمہ وائلڈ لائف پنجاب ہے ۔قارئین کی معلومات میں اضافے کے لئے تحریر کرتے چلیں کہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی رینکگنگ کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف پنجاب صوبے کا آٹھواں کرپٹ ترین محکمہ تھا اور سال 2015-16میں یہاں ایک ارب 36 کروڑ کی بے ضابطگیاں پکڑی گئی تھیں ۔

کرپٹ عناصر اس قدر منہ زور تھے کہ آڈیٹر کی جانب سے جاری کئے گئے 1750پیروں میں سے آدھوں کے جوابات بھی نہ دئیے گئے ۔
 یاد رہے اس محکمے کا بجٹ بہت قلیل ہوتا ہے اور اس کے باوجود اتنے بڑے پیمانے پر کرپشن اور بے ضابطگیاں اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر اس کے بجٹ میں مزید تھوڑا سا اضافہ ہو جاتا تو یہ پنجاب میں کرپشن کی دوڑ میں کئی دوسرے محکموں کو بہت پیچھے چھوڑ جاتا۔

اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمے میں بہتری اور یہاں سے کرپٹ عناصر کا قلع قمع کرنے کے لئے انتہائی پڑھے لکھے اور تجربہ کار بد رمنیر چوہدری کا بطور اعزازی گیم وارڈن پنجاب وائلڈ لائف کا انتخاب بلا شبہ حکومت کا قابل ستائش فیصلہ تھا۔
 بدر منیر چوہدر ی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کچھ ہی دنوں میں وائلڈ لائف کے محکمے نے بڑی تیزی کے ساتھ ترقی کی ہے ۔

جنگلی حیات کے تحفظ اوراس سے متعلقہ معاملات میں انہوں نے انتہائی سنجیدہ کاوشیں کی ہیں اور جس کا ثبوت یہ ہے کہ اب یہاں کرپشن ریٹ صفر ہو گیا ہے اور کرپٹ اہلکاروں و افسروں نے اپنے تبادلے دوسرے محکموں میں کروالئے ہیں۔محکمے کو بہتری کی جانب لے جانے والے اقدامات کی وجہ سے کئی کئی سالوں سے اپنی چودھراہٹ قائم رکھے افسران اور ان کے زیر اثر مافیا اس تبدیلی کو ہضم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ محکمہ مکمل طور پر تعاون سے گریزاں ہے ۔

جنگلی حیات کے تحفظ اور اس کی ترویج کے لئے مختلف قسم کے امور قابل غور ہیں جس میں سے ایک ان کے حوالے سے ڈاکو منٹری فلم کی تیاری ہے ۔ بدر منیر چو ہدری اس بارے کہتے ہیں کہ تاریخ میں پہلی بار ہم نے اس پر کام کیا ہے اور فرسٹ فیز میں پنجاب اڑیال ڈاکومنٹری مکمل کر لی گئی ہے جو رواں ماہ ریلیز کر دی جائے گی۔اس کے علاوہ ہم انڈس بلائنڈ ڈولفن پر کام کر رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ہی گریٹ انڈین بسٹرڈجسے ”مکھڑ“ بھی کہا جاتا ہے اور جو چالستان میں پایا جاتا ہے اس کی نسل تیزی سے ناپید ہو رہی ہے اس سے متعلق بھی ڈاکومنٹری بنا رہے ہیں اور ان کے تمام اخراجات میں اپنی جیب سے اداء کر رہا ہوں ۔

 وائلڈ لائف کی بہتری کے ساتھ وزیر اعظم کے گرین پاکستان پیکج کے تحت ہم ایڈوائزر ٹو پرائم منسٹر برائے کلائمنٹ چینج ملک امین اسلم کے ساتھ مل کر اور ان کی رہنمائی میں شجر کاری مہم کا بھی آغاز کئے ہوئے ہیں اور اب تک لاکھوں پودے مختلف وائلڈلائف پارکس میں لگا چکے ہیں ۔ عید الاضحی کے موقع پر لاہور چڑیا گھر، سفاری زو، جلو پارک اور چھا نگا مانگا میں عوام کی سہولیات فراہم کر نے کے لئے میں خود موقع پر موجود تھا اور تمام تر انتظامات اپنی نگرانی میں کرائے ہیں اور جس کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں ۔

بہترین کام کر نے والے ملازمین کو شاباش اور انعامات بھی دئیے گئے ہیں۔ ہم انشا ء اللہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں وائلڈ لائف کو مزید بہتر سے بہتر کر نے کی جستجو اور لگن میں ہمہ وقت مصروف ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ایک روز ہماری کاوشیں رنگ لائیں گی اور پاکستان حقیقی معنوں میں ایک فلاحی اور کامیاب ریاست قرار پائے گا۔ انشا ء اللہ!!!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :