تیر و ترکش

منگل 5 مئی 2015

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#فوج کے خلاف بدکلامی پر زبان کاٹ لی جائے گی، عابد شیر علی
لو وہ بھی کہہ رہے ہیں…!
#پاکستان بھر میں’را‘ انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے، رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم
تجھ پہ یہ راز کھلا کب؟
#قوم اور میڈیا عمران خان کی باتوں کو سنجیدگی سے نہ لے، پرویز رشید
اس کام کے لیے میں اکیلا ہی کافی ہوں…
#ذوالفقار مرزا احتساب کی شروعات گھر سے کریں‘ خواتین ارکان اسمبلی پیپلز پارٹی
پھر مرزا صاحب رہیں گے کہاں؟
#جیالوں کو ریموٹ کنٹرول سے نہیں چلایا جاسکتا، ناہید خان
ناہید بی بی اب جیالے ہیں کہاں؟
#پاکستانی صحافت کا پودا سایہ دار درخت بن چکا ہے، اسماعیل راہو
ارد گرد سے جھاڑجھنکار کی صفائی بھی بہت ضروری ہو چکی ہے، اس درخت کو بچانے کے لیے ۔

(جاری ہے)


#نائن زیرو ملک بھر کے لاکھوں کروڑوں مظلوموں کی امیدوں کا مرکز ہے، وسیم اختر
’مظلوم عوام‘ کی تعداد کچھ زیادہ نہیں بتا دی آپ نے…!
#شریف برادران کے خلاف اتفاق فاؤنڈریز ریفرنس پر کارروائی ختم
ایک بار پھر ثابت ہوا” اتفاق میں برکت ہے“
#آیندہ پارٹی کی قیادت چھوڑنے کی بات نہیں کروں گا، الطاف حسین
آپ سکون سے بیٹھ کر ان تمام باتوں کی ایک فہرست بنالیں جو آیندہ نہیں کرنی اور پھر صبح دوپہر شام اس فہرست کو دس مرتبہ پڑھیں شاید افاقہ ہو جائے ۔


#الطاف حسین کی تقریر سنے بغیر واویلا کرنے والے عقل کے دشمن ہیں، ارکان اسمبلی ایم کیو ایم
اور بھائی کی تقریر سن کر واویلا کرنے والوں کو آپ اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹ اور متحدہ کے دشمن قرار دے دیتے ہیں ۔
#پاکستان کی معیشت بلندیوں کو چھو رہی ہے، کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے، دی اکانومسٹ
یہ خبر ہے، تجزیہ ہے یا اشتہار ہے برطانوی جریدے دی اکانومسٹ میں چھپنے والا
#حساس معاملات پر سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے، نواز شریف
اور زیادہ حساس معاملات پر تو سوچ سمجھ کر بھی نہیں بولنا چاہیے ہیں جی!
#ایم کیو ایم جب چاہے سندھ حکومت میں شامل ہوسکتی ہے، سینیٹر عبدالرحمن ملک
ملک صاحب کا یہ بیان بتا رہا ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی کچھ باتیں درست بھی ہوتی ہیں۔


#حکومت اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہیں، احسن اقبال
ن لیگ کے رہنماؤں کو ہر ایک ڈیڑھ ہفتے بعد اس طرح کا بیان دینے کی پتا نہیں کیو ں ضرورت پڑ جاتی ہے؟
#جینا مرنا پاکستان سے وابستہ ہے، الطاف حسین
لیکن رہنا انگلستان میں ہے!
#پاکستان دوبرس میں یورپ جیسا بن سکتا ہے، ملک ریاض حسین
پھر آپ فائلوں کو پہیے کیسے لگایا کریں گے؟
#سینیٹ کمیٹیوں کے18سابق سربراہ ابھی تک مراعات سے مستفید ہو رہے ہیں ۔


جمہوریت ومفاہمت کی سیاست کے صدقے!
#ہم خیال گروپ کو ساتھ ملا کر تیسری سیاسی قوت بنائیں گے، پرویز مشرف
حضور! اب آپ چیف آف آرمی اسٹاف نہیں ہیں
#خود پر کی جانے والی بے جا تنقید کو ہنس کر برداشت کیا، آصف زرداری
اور آپ کی یہ ہنسی پہلے قوم اور پھر پیپلز پارٹی کو بہت مہنگی پڑی
#وزیر اعظم کے دورہ پشاور اور تعریف پر شکر گزار ہیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
آپ نے تحریکِ انصاف میں رہنا ہے یا نہیں؟
#تقریر نفرت انگیز اور بلا جواز تھی الطاف حسین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، فوجی ترجمان
بھائی تو قانون سے ماورا’چارہ جوئی‘کے قائل ہیں شاید!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :