تیر و ترکش

بدھ 13 مارچ 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#پرویزمشرف کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے، سپریم کورٹ
اتنی بھاری ذمہ داری اٹھانے کے متحمل نہیں ہیں، حکومت کے نرم ونازک کندھے جناب!
#تحریکِ انصاف میں کرپٹ ٹولا بیٹھا ہے، رانا افضل
کیونکہ ن لیگ اور پی پی کا کرپٹ ٹولاآج کل لیٹا ہوا ہے۔
#چودھری شجاعت حسین نعیم الحق سے ملاقات کرنے ان کے گھر پہنچے۔
اُف،یہ وقت بھی آنا تھا بڑے چودھری صاحب پر!
#پچھلی حکومتوں کا ملبہ بھی ہم پر ڈالا جارہا ہے، وزیر ہاوٴسنگ پنجاب میاں محمودالرشید
حالانکہ اب تو ہمارا اپنا اچھا خاصا ملبہ جمع ہوچکا ہے۔


#شیخ رشید احمد کی مشیر ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات، صدر عارف علوی کا خط پہنچایا۔
ایرانی قیادت کو شیخ صاحب کے ذریعے پہنچائے گئے زبانی پیغام کا کوئی ذکر نہیں خبر میں۔

(جاری ہے)


#ن لیگ نوازشریف کی صحت پر سیاست کررہی ہے، وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد
ڈریں اس وقت سے محترمہ ،جب آپ کے پاس سیاست کے لیے کسی کی صحت بھی نہیں ہوگی۔
#بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلانا بند کرے، دفتر خارجہ پاکستان
آپ درست معلومات دے کر عالمی برادری کو صحیح راستے پر لے آئیں ناں!
#کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ایف اے ٹی ایف کے مطالبے پر کی، اسد عمر
حکم کو مطالبہ کہنے سے آپ کا دل خوش ہوتا ہے تو کرلیں۔


#وزیر اطلاعات ونشریات پنجاب فیاض الحسن چوہان وزارت سے فارغ
سیاسی مخالفوں کی دل آزاری پر ملنے والی وزارت سے چوہان صاحب فارغ کردیے گئے، ہندو برادری کی مبینہ دل آزاری پر۔
#قوم اکٹھی ہوجائے تو کوئی ہمیں شکست نہیں دے سکتا، وزیراعظم
جس نے آپ کو یہ بات بتائی ہے وہ قوم کا ہی نہیں آپ کا بھی مخلص لگتا ہے۔
#کوئی بھی طاقت یا دھمکی سے ہمیں نہیں جھکا سکتا، آرمی چیف
ایسے کام دوستی اور پیار میں کرتے ہیں ہم۔


#پاکستان نے چھ ماہ میں جو تعاون کیا اٹھارہ سال میں نہیں دیکھا، امریکا
پی ٹی آئی حکومت کے لیے این او سی سمجھا جائے آپ کا یہ بیان؟
#متحدہ قومی فورم کا فائنل جلد کراچی میں کھیلا جائے گا، فاروق ستار
فاروق بھائی! آپ تو شاید بارہویں کھلاڑی ہوں گے اس فائنل میں۔
#نیب فیس نہیں کیس پر توجہ مرکوز رکھتا ہے، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال
سیانے کہتے ہیں جب اچھا بھلا قانونی بندہ شاعری شروع کردے تو سمجھیں دال میں کچھ کالا ہے۔


#مزید امتحان ہوں گے، وزیر خارجہ
پھر کوئی نقل وغیرہ کا انتظام کریں ناں، اپنی دوست ہیلری کلنٹن سے کہہ کر۔
#خورشید شاہ کو نوازشریف نہیں اپنے جیل جانے کی فکر ہے، فواد چودھری
یعنی روندی یاراں نوں لے لے ناں پھراواں دا۔
#سیاست میں بدمعاشی متعارف کرانے کا سہرا پیپلزپارٹی کے سر ہے ۔ پی ٹی آئی
اور اب آپ اس سہرے کو اپنے سر سجانے کا تہیہ کرچکے ہیں۔


#ناکام حکومت آخری ہچکیاں لے رہی ہے، مولانا فضل الرحمن
ناکامی والی آپ کی بات درست ہوسکتی ہے کسی حد تک، رہی آخری ہچکیاں تو اُن کے جلانے کو یہ بیان اچھا ہے۔
#ملکی مفاد دیکھ کر نیشنل ایکشن پلان پر عمل کا فیصلہ کیا، شاہ محمود قریشی
اس ملک کا نام بھی بتا دیں جس کا مفاد دیکھا ہے آپ نے۔
#بلاول کی تقریر پر عمران کی تنقید چھوٹا پن ہے، سید خورشیدشاہ
بلاول بھی تو خواہ مخوا ”بڑا پن“ دکھانے کی کوشش کرتے ہیں چھوٹی عمر میں۔


#وزیراعظم کی بعض باتیں انہیں زیب نہیں دیتیں، سید ناصر حسین شاہ
اچھا! جو باتیں وزیراعظم کی زیب دیتی ہیں وہ تو بتائیں شاہ جی؟
#ریلوے کیرج ورکشاپ میں وزیراعظم کے لیے شاہانہ سیلون تیار
وزیراعظم تو شاید ایک دو بار استعمال کریں بعد میں یہ شاہانہ سیلون اپنے شیخ صاحب کے کام ہی آئے گا۔
#عمران خان کے دورہٴ قطر کے بعد پاکستانی مصنوعات کی فروخت میں اضافہ۔
پھر تو خان صاحب کو چاہیے اپنے بازاروں میں بھی آنا جانا شروع کریں۔
#پاک بھارت سفارتی تعلقات بحال۔
جب تک بھارت میں الیکشن نہیں ہوجاتے یہ تعلقات بے حال ہی رہیں گے۔
#وزیراعظم کو تھر کے لوگوں کا احساس سات ماہ بعد ہوا، مشیر اطلاعات سندھ
آپ کو یہ احساس کب ہوگا؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :