لاہور پریس کلب کے انتخابات میں ”پائینرز“کی شاندار کامیابی کے بعد پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات میں بڑی فتح پر ہم اللہ سبحان وتعالی کی بارگارہ اقدس میں شکرانہ ادا کرتے ہیں ”پائینرز“انتخابات سے محض دس ‘پندرہ روزقبل وجود میں آنے والا گروپ تھا مگر گروپ کے ہر رکن نے بھرپورجانفشانی سے دن رات کا م کرکے شاندار فتح میں اپنا حصہ ڈالا -لاہور پریس کلب کی روایات اور اقدار کے مطابق دوسرے گروپوں سے جیت کر آنے والے دوستوں کے منڈیٹ کا بھی احترام کیا جاتا ہے اور خصوصا برادرم اعظم چوہدری ہوں یا شہبازمیاں دودہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط تعلق میں ہم نے زندگی کے بہت سارے نشیب وفرازدیکھے ہیں مگر ”پائینرز“کے تمام دوستوں کو یقین ہونا چاہیے کہ ان کی قیادت کو جب بھی موقع ملا اس نے پریس کلب کو ایک فیملی کلب بنانے کی حتی الامکان کوشش کی-لاہور پریس کلب کے انتخابات لاہور کے صحافیوں کا سالانہ فیسٹول ہوتا ہے جبکہ اس سال ہمارے بھائی رانا عظیم نے لاہور میں پورے پاکستان کے صحافیوں کا ایک تاریخی میلہ منعقدکرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات 11جنوری سے13جنوری تک اسلام آباد میں منعقدہونا تھے مگر کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے انتخابات ملتوی کرنے کا مشورہ دیا چونکہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹ(آئی ایف جے)کوانتخابات کا شیڈول بجھوایا جاچکا تھا لہذا ہنگامی حالات میں انتخابات کو لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا-انتہائی مختصروقت میں پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے دوستوں خصوصا جنرل سیکرٹری شاہد چوہدری ‘فاروق جوہری ‘احتشام الحق اور دیگر دوستوں نے شاندار انتظامات کرکے ملک بھر سے آنے والے 300کے قریب ڈیلگیٹس کے لیے رہائش ‘کھانے اور انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا الیکشن کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے میں ان کا ذاتی طور پر شکرگزار ہوں بلاشبہ یہ صحافیوں کا لاہور میں سجنے والا سب سے بڑا میلہ تھا جس کا سہرا رانا عظیم اور ان کی ٹیم کے سر ہے -قارئین کے لیے وضاحت کرتا چلوں کے پی ایف یوجے کے انتخابات پاکستانی سینٹ کے انتخابات سے ملتے جلتے ہوتے ہیں یعنی تمام صوبوں میں موجود یونین کے یونٹس اپنے اپنے علاقوں سے ڈیلگیٹس کو منتخب کرتے ہیں اور پھر یہ ڈیلگیٹس مرکزی انتخابات میں فیڈرل یونین کی باڈی کے عہدیدران کا چناؤ کرتے ہیں الیکشن کمیٹی کی سربراہی سنیئرصحافی سیدنعیم مصطفی صاحب نے کی جبکہ ممبران میں کراچی سے سید حسن عباس ‘اسلام آباد سے شکیل احمد اور پنجاب سے راقم کو نمائندگی کا اعزازحاصل ہوا اگرچہ الیکشن کمیٹی کا کام انتہائی مشکل اور ذمہ داری کا ہوتا ہے مگر مجھے ہرمرحلے پر حسن بھائی کی راہنمائی حاصل رہی ٹریڈ یونین کے معاملات میں حسن عباس ان لوگوں میں سے ہیں جو آئین سے ہٹ کر نہ کوئی کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں اور پی ایف یوجے کے آئین پر بہت کم لوگوں کی اتنی ”گرپ“ہے جتنی حسن بھائی کی ہے-تمام صوبوں سے 40یونٹس کے 300کے قریب ” ڈیلگیٹس“کو جمع کرکے لاہور میں صحافیوں کا سب سے بڑا میلا لگانے پر رانا عظیم اور ان کی ٹیم کے تمام دوست مبارکباد کے مستحق ہیں صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری‘ ”پائینرز“کے قائد شہبازمیاں ‘اقبال چوہدری ‘ظہیربابر‘نائب صدر لاہور پریس کلب ناصرہ عتیق اور دیگر دوستوں نے بھی بھرپور شرکت کرکے اس میلے کو چار چاند لگائے برادرم شکیل قرارسابق صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد خصوصی طور پر انتخابات کے لیے لاہورتشریف لائے ‘میاں عابد ‘رحمان بھٹہ شہر میں نہ ہونے کی وجہ سے شریک نہ ہوسکے لہذا ان کی نمائندگی بھی مجھے ہی کرنا تھی اسی طرح سنیئرصحافی استاتذہ محترم فرح سعید خواجہ اور خاورنعیم ہاشمی صاحب طبیعت کی ناسازی کی بنا پر تشریف نہ لاسکے -انتخابات کے نتائج سے سب آگاہ ہوچکے ہیں جن میں جی ایم جمالی صدر‘اشرف مجید سنیئرنائب صدر‘صائمہ نوازصاحبہ نائب صدر‘رانا عظیم سیکرٹری جنرل‘جمیل مرزا خزانچی جبکہ راقم ڈپٹی سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے منتخب ہوئے ہیں برادرم عابدگوندل سمیت بہت سارے دوست پہلی مرتبہ ممبرفیڈرل ایگزیکٹیوکونسل منتخب ہوئے جوکہ پالیسی سازی میں فیڈرل یونین کا سب سے مضبوط ستون ہے یہ تحریر متحمل نہیں ہوسکتی کہ منتخب ہونے والے تمام عہدیداروں کا تذکرہ کیا جائے -الیکشن تین دنوں میں شیڈول اس طرح سے مرتب کیا گیا تھا کہ الیکشن کے عمل کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیاں بھی جاری رہیں جن میں سنیئرصحافیوں اور اعلی حکومتی عہدیدران کے خطابات بھی شامل ہیں قائم مقام گورنر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی جو اپنی وضع داری اور مہمان نوازی کے حوالے سے جانے جاتے ہیں ان کی جانب سے 12فروری کو گورنر ہاؤس میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا تقریب میں شرکت کے لیے وزیرمملکت برائے اطلاعات فرح حبیب خصوصی طور پر اسلام آباد سے آئے - ڈیوس روڈکے ہوٹل سے گورنر ہاؤس تک پیدل جانے کا فیصلہ صرف انتظامی بنیادوں پر لیا گیا تھا بے شک اللہ سبحان وتعالی جو فرماتے ہیں انسان اپنی کم عقلی کی وجہ سے اس میں پوشیدہ حکمت سے آگاہ نہیں ہوتا گورنرہاؤس تک پیدل مارچ نے ثابت کیا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ہی صحافیوں کی واحد نمائندہ تنظیم ہے -انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹ(آئی ایف جے)سمیت دنیا بھر کی صحافتی تنظیموں کی جانب سے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ مئی میں آئی ایف جے کے ایشیا پیسفک ریجن کے انتخابات میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کو بھرپورکامیابی ملے گی تحریرکا اختتا م کرنے سے پہلے میں ایک بار پھرادارہ ”اردوپوائنٹ“کے مدیر کی حیثیت سے اپنی اور ادارے کے بانی برادرم علی چوہدری کی جانب سے پی ایف یو جے کے ملک بھر سے جیتنے والے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا عظیم کو صحافیوں کے ملک گیر تاریخی میلے کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں-
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔