بلاول بھٹو زرداری قوم کیساتھ ملکر پاکستان کو آگے بڑھائیں گے،نثارکھوڑو

ق* مخالفین کان کھول کر سن لیں پیپلز پارٹی ہمیشہ زندہ رہے گی،صدر پیپلزپارٹی سندھ

ہفتہ 7 مارچ 2020 00:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2020ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کی سیاست میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ،شہید محترمہ بے نظیر بھٹوکی طرح کا سیاسی کردار ادا کر رہے ہیںاورپورے پاکستان کی قیادت کریں گے بلاول بھٹو زرداری اس قوم کو ساتھ لے کر پاکستان کو آگے بڑھائیں گے مخالفین کان کھول کر سن لیں پیپلز پارٹی ہمیشہ زندہ رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثاراحمد کھوڑو نے پیپلز پارٹی کے رہنما شہید عبداللہ مراد کی 16 ویں برسی کے سلسلے میں محمدی فٹبال گراؤنڈ میمن گوٹھ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسے سے صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی ، صوبائی وزیر غلام مرتضی بلوچ ، رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل ،آغا رفیع اللہ ، رکن سندھ راجہ رزاق ، رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو ، رکن سندھ اسمبلی شاہینہ شیر علی ، نعمان عبداللہ مراد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے مزید کہاکہ عبداللہ مراد نے اس وقت کی حکومتوں کے خلاف احتجاج کیا تھا ، آج وہی سڑکیں اور ملیر کے لوگ یاد کرتے ہیں ، عبداللہ مراد شہید نے ملیر کا نام روشن کیا ، عبداللہ مراد نے پسے ہوئے لوگوں کا ساتھ دیا ، وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا جیالا تھا ۔ ذوالفقار علی بھٹو نے نا مسائد حالات میں جیلوںکے دن کاٹے، انہوں نے کہا کہ آج بہت سارے کردار کھل کر سامنے آ چکے ہیں ، جان بوجھ کر سیاست دانوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔

آج پاکستان کے عوام کو بلاول بھٹو دکھائی دیتا ہے جو عوام کے دکھوں کا مداوا کرے گا بلاول بھٹو اس قوم کو ساتھ لے کر پاکستان کو آگے بڑھائیں گے ۔ پی پی پی کراچی کے صدر و صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے کہا کہ عبداللہ مراد شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ عبداللہ مراد شہید نے ملیر کے مسائل پر بھرپور انداز میں آواز اٹھائی ۔ عبداللہ مراد ایک سیاسی کارکن تھا اور اس نے بہادری سے ایک مقام بنایا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا ہر پرامن شہری عبداللہ مراد کی خدمات کو یاد کرتا ہے ۔ یہ جو نالائق ، نااہل اور کٹھ پتلی حکمران ہم پر مسلط ہیں ان کی نالائقی کی سزا کوئی ایک نہیں ملک کا ہر طبقہ اس کی سزا بھگت رہا ہے ۔ ملکی معیشت تاریخ کی بدترین دور سے گزر رہی ہے ۔ انہوں نیء کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت 25 فیصد گری لیکن یہاں صرف چند روپے کم ہوئے ۔

عمران خان اور پی ٹی آئی کے اے ٹی ایم سے کسی اور کو نوازا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف جہانگیر ترین اور عمران نیازی کے چند دوستوں کا کاروبار عروج پر ہے صرف جہانگیر ترین اور ان کے فرنٹ مین ترقی کر رہے ہیں لیکن ملک کا ہر شہری دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے ، بلاول بھٹو زرداری نالائق ، سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے اوراس نالائق حکومت سے عوام کی جان چھڑائیں گے ۔

رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہمیں کارکنان کو سازشوں سے آگاہ کرنا چاہئے ۔ وہ سازشیں جو پیپلز پارٹی کا پیچھا کرتی آئی ہیں ۔ عبداللہ مراد کی بڑی خصوصیت یہ تھی کہ اس نے ملیر کی روایتی سیاست کو ختم کرکے اسے گلی ، محلوں اور ہوٹلوں پر لے آیا ۔ جس کو آپ کٹھ پتلی حکمران سمجھ رہے ہیں اس کو آسان نہ لیا جائے ۔ ان کا اصل ہدف 18 ویں ترمیم ہے ۔

جس کو وہ کہتے تھے کہ منزل نہیں قائد چاہئے وہ آج پاگل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان 7 آدمیوں کو 8 صوبے چاہئیں ۔ ایم کیو ایم کے ٹوٹل س7 آدمی اسمبلی میں موجود ہیں اور 8 صوبے مانگ رہے ہیں ۔ جب ان سے پوچھا جاتا ہے کہ صوبہ چاہئے یا سندھ تو یہ منہ چھپا کر اسمبلی سے بھاگتے ہیں ۔ سیاست دانوں کو نیب کے ذریعہ لڑایا جا رہا ہے ۔ یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ سیاسی لوگ ملک نہیں چلا سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر سیاست دانوں کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے ۔ کارکنان خود کو ان سازشوں سے الرٹ رکھیں ۔ جن سازشوں کا مقابلہ ہماری قیادت نے کیا ، کارکنان بھی ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ہما یوں خان نے کہا کہ عبداللہ مراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ ہمارے تمام کارکنان کو بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے ساتھ مل کر جدوجہد کرتے رہنا چاہئے ۔

خیبر پختونخوا میں بلین ٹری اور پی ٹیٰ آئی کی کرپشن کا سب کو پتہ ہے ۔ عمران خان نے جو وعدے کیے تھے ، اس میں سے کوئی ایک بھی پورا نہیں کیا ۔ صوبائی وزیر غلام مرتضی بلوچ نے کہا کہ ہم عبداللہ مراد شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور کارکنان کا جلسے میں شرکت کرنے پر مشکور ہوں ۔ رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ شہید عبداللہ مراد ذوالفقار علی بھٹو کا جیالا تھا اور پیپلز پارٹی کا وہ کارکن تھا ، جس نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو نے کہا کہ جس دہشت گرد تنظیم نے عبداللہ مراد کو شہید کیا آج وہ خود اللہ کی لاٹھی سے نہیں بچ سکے ۔ وہ اپنا لندن کا سیکرٹریٹ بھی فروخت کر رہے ہیں ۔ رکن سندھ اسمبلی راجہ رزاق نے کہا کہ عبداللہ مراد نے پسے ہوئے طبقے ، مزدوروں اور کسانوں کی بات کی ۔ یہی وجہ تھی کہ کراچی کی ایک دہشت گرد تنظیم نے انہیں شہید کر دیا اور وہ تنظیم اب ٹکڑوں میں بٹ چکی ہے لیکن عبداللہ مراد کا نام آج بھی زندہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم قربانیاں دیتے رہیں گے اور پیپلز پارٹی کو آگے بڑھاتے رہیں گے ۔ کٹھ پتلی حکومتی ارکان جو بلاول بھٹو کے خلاف بات کرتے ہیں ، ان کو تو صرف قادر پٹیل ہی اسمبلی میں جواب دینے کے لیے ہی کافی ہیں ۔ رکن سندھ اسمبلی شاہینہ شیر علی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سلیکٹڈ کا ساتھ کبھی نہیں دیں گے ۔ پیپلز پارٹی شہیدوں کے لہو سے بنی ہے ۔

ہم سب مل کر بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں گے ۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو بارہا منع کیا گیا مگر وہ پھر بھی اپنے ملک کے عوام کے لیے پاکستان آئیں ۔ شہید عبداللہ مراد کے صاحبزادے نعمان عبداللہ مراد نے کہا کہ عبداللہ مراد آصف علی زرداری کا ساتھی تھا ، عبداللہ مراد دلوں میں مراد کرنے والا تھا ۔ 16 سالہ سال قبل کہا گیا کہ اب ملیر میں پیپلز پارٹی ختم ہو جائے گی ۔

ان کے وارث ڈر جائیں گے ۔ نعمان اور سلمان دونوں ہی جوان ہو گئے ۔ ضلع کونسل کے چیئرمین سلمان عبداللہ مراد نے جلسے کے شرکاء سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ہم ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ رہیں گے اور اس کے ہاتھ مضبوط کریں گے ۔ جلسے میں ، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی ،راشد ربانی ، عبدالحکیم بلوچ ،لیاقت آسکانی ،آصف خان ، میر عباس تالپور، حبیب الدین جنیدی ، اقبال ساند ، امان اللہ محسود ، انور لعل ڈین ، نوید انتھونی ، جاوید نایاب لغاری ، سردار نزاکت ، شہریار بھگت ، خلیل ہوت ، ذوالفقار قائمخانی ، شکیل چوہدری ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی ، امداد جوکھیو ، شمشاد قریشی ، کریم شاہ ، جاوید تاج ، جان عالم جاموٹ ، نذیر بھٹو کے علاوہ پارٹی کے عہدیداروں ، علاقہ کے عمائدین اور کارکنان کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔