نئی رویت قائم کی گئی ہے والدہ کی میت گھر میں ہو بیٹے اور پوتے کو جیل میں رکھا جائے اور عدالتوں میں پیشی پر لایاجائے‘ مسلم لیگ (ن)

حکومتی لوگوں کیلئے قانون اور ،اپوزیشن کے لئے قانون اور ہے ،شہبازشریف اورحمزہ کی پیرول پر رہا ئی حکومت کا احسان نہیں‘ مریم اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2020 14:54

نئی رویت قائم کی گئی ہے والدہ کی میت گھر میں ہو بیٹے اور پوتے کو جیل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) ملک میں نئی رویت قائم کی گئی ہے کہ والدہ کی میت گھر میں ہو بیٹے اور پوتے کو جیل میں رکھا جائے اور عدالتوں میںپیشی پر لایاجائے،حکومتی لوگوں کے لئے قانون اور ہے جبکہ اپوزیشن کے لئے قانون اور ہے ،شہبازشریف اورحمزہ شہبازآج ( جمعہ ) کو پیرول پر رہا ہوں گے ،یہ حکومت کا کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا قانونی حق ہے،عمران خان نہ آپ کے خلاف عوامی ریفرنڈم بند ہوگا نہ تحریک میں کمی آئے گی،آپ کے ہوتے ہوئے معیشت منفی چار سے نہیںبڑھے گی، عوام کو آٹا چینی نہیں ملے گا جب حکمران ظالم ہو تو عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملتا،ملک میں اب اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں کیونکہ ابھی تک فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آیا ۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ محترمہ شمیم اختر کے انتقال کو چار روز گزرنے کے باوجود ظالم حکمرانوںنے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پررہا نہیں کیا ،کرائے کے ترجمانوںکو اور کوئی کام نہیں، کبھی صحت اور کبھی کسی کی والد ہ کے انتقال پر بھی سیا ست کر رہے ہیں ،کبھی کہتے پانچ گھنٹے کے لئے اور کبھی کہتے ہیںپانچ دن کے لئے رہا کیا جائے گا ،وزیراعظم صرف اس لئے لاہور آئے تھے کہ کہیں شہباز شریف اور حمزہ کو رہا تو نہیں کر دیا گیا ، اس لئے لاہور آتے ہیں کہ کہیں جیل میںکوئی سہولتیںتو نہیں دی جارہیں،شہباز شریف کے کمرے میں کوئی ہیٹر تو نہیں لگا دیا ،شہباز شریف کو نماز کے لئے کرسی تو نہیں دے دی ،کہیں شہباز کو فزیو تھراپسٹ کی سہولت تو نہیں دیدی گئی ۔

انہوںنے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں اور نوکریوں کے وعدے پورے نہیںہوئے ، شہباز شریف پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ، حمزہ شہباز اٹھارہ مہینے سے جیل میںہیں ان پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ ہوئی ،حمزہ شہباز نے عدالت میں جج صاحب کو بتاکہ بکتر بند کار کی بریکیں فیل ہیں اور واپسی پر حمزہ کی بکتر بند کار کی ٹکر ہوئی ۔شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس ابھی تک نہیں د ی گئیں، یہ ان کا قانونی حق ہے ۔

ا نہوںنے کہاکہ عمران خان نہ آپ کے خلاف عوامی ریفرنڈم بند ہوگا نہ تحریک میں کمی آئے گی،آپ کے ہوتے ہوئے معیشت منفی چار سے نہیںبڑھے گی، عوام کو آٹا چینی نہیں ملے گا جب حکمران ظالم ہو تو عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملتا۔عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ پاکستان میںپہلی مرتبہ یہ روایت پڑی ہے کہ کسی کے گھر میں میت ہو تو بیٹے اور پوتے کو عدالت میں پیش کیا جائے ،فیصل واڈا دوہری شہریت کا حامل ہے اس کے کیس کو جان بوجھ کر التوا ء میں رکھا جا رہا ہے ،حکومتی بنچوںپر بیٹھے افراد کے لیے الگ قانون اور اپوزیشن کے لیے الگ قانون ہے ،عمران نیازی آپ کا اے ٹی ایم واپس آ گیا ہے اور دن دیہاڑے واپس آیااس کے باوجود چینی 90 روہے کی مل رہی ہے ،عمران نیازی جب آپ کو جیل بھیجیں گے تو آٹے،چینی، ادویات کے سکینڈل میں آپ کو این آر او نہیں دیں گے ،عمران نیازی آپ کو اپنا کیا بھگتنا پڑے گا ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت جو کر رہی ہے یہ ہتھکنڈے ہمارے لئے نئے ہیں ہم گھبرانے والے نہیںآپ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ہم پر جھوٹے کیس بنا ئے جارہے ہیںلیکن یہ وقت کے ساتھ ختم ہوجائیں گے لیکن کیس بنانے والوںکو حساب دینا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ حمزہ شہباز گزشتہ اٹھارہ ماہ سے جیل میں ہیں جب ان کے کیس میں کچھ نہیں نکلا تو جان کے دشمن بن گئے گزشتہ پیشی پر جس گاڑی میں لایا اس کی بریک نہیں تھی ۔اس ملک میں اب اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں کیونکہ ابھی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آیا۔