Live Updates

پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ سندھ کی نا اہلی کیلئے آئینی درخواست دائر کرنے کا اعلان

13 سال سے سندھ میں اندھیرا ہی اندھیرا ہے، ہم سندھ کے ہر ایک ادارے پر پٹیشن فائل کریں گے۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 جون 2021 17:29

پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ سندھ کی نا اہلی کیلئے آئینی درخواست دائر کرنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2021ء) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نا اہلی کیلئے آئینی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی نا اہلی کیلئے آئینی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا ہے ، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کہتے ہیں کہ گزشتہ 13 سال سے سندھ میں اندھیرا ہی اندھیرا ہے، ہم سندھ کے ہر ایک ادارے پر پٹیشن فائل کریں گے جب کہ صوبے میں آئین کی خلاف ورزی بھی جاری ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں اپوزیشن ارکان کا نہ ہونے کا مطلب ہے کہ صوبے میں جمہوریت کا قتل ہوگیا، جمہوریت کے قاتلوں کو معاف نہیں کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ایک رکن بھی اپوزیشن سے نہیں ہے ، سندھ اسمبلی میں حزب اختلاف کے پارلیمانی لیڈروں کو بات نہیں کرنے دی گئی اور عجلت میں صوبائی بجٹ کو منظور کیا گیا ، سندھ کا بجٹ اس وزیراعلیٰ نے پیش کیا جس پر کرپشن کے الزامات ہیں، سندھ میں تیرہ سال کے دوران ایک ہزار 400 ارب روپے کی کرپشن ہوئی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سندھ کو ملک میں سب سے زیادہ مہنگائی والا صوبہ قرار دے دیا گیا ، بلوچستان کے پسماندہ ضلع میں مہنگائی کی شرح سب سے کم ہے ، ادارہ شماریات نے مہنگائی کی شرح کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کر دیے ، جس میں حیران کن انکشافات ہوئے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں سندھ میں سب سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ بلوچستان میں مہنگائی کی شرح سب سے کم رہی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے بعد مہنگائی میں پنجاب کا دوسرا نمبر رہا ، سندھ اور پنجاب کے بعد مہنگائی کے لحاظ سے شہر اقتدار کا تیسرا نمبر ہے ، کراچی میں مہنگائی ملک بھر کے باقی تمام شہروں سے زیادہ ریکارڈ ہوئی جب کہ سکھر اور خضدار میں مہنگائی کی شرح سب سے کم ریکارڈ ہوئی ، دیگر شہروں کی نسبت مہنگائی کے لحاظ سے اسلام آباد کا چھٹا نمبر ہے ، کراچی کے بعد فیصل آباد، گجرانوالا میں زیادہ مہنگائی ریکارڈ ہوئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات