Live Updates

عوام کے پیار کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں ، مریم نواز

نیازی کے چار سالہ جبر کے دور میں کارکنوں نے ساتھ نبھایا اس کی مثال نہیں ملتی ، مخالفین نے سمجھ لیا ہماری جماعت کمزور ہوگئی ،کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر کہتی ہوں اب مسلم لیگ (ن) کی باری ہے ، نائب صدر مسلم لیگ (ن)

بدھ 1 فروری 2023 23:30

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2023ء) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے پیار کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں ، نیازی کے چار سالہ جبر کے دور میں کارکنوں نے ساتھ نبھایا اس کی مثال نہیں ملتی ، مخالفین نے سمجھ لیا ہماری جماعت کمزور ہوگئی ،کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر کہتی ہوں اب مسلم لیگ (ن) کی باری ہے ،میاں صاحب نے کہا ہے کہ تنظیمی کنونشن کا آغاز بہاولپور سے ہوگا ،ہمیں جن حالات میں ملک ملا شکر کرو پاکستان بنچ گیا ہے ، نواز شریف مشکل فیصلوں کے حوالے سے لندن میں پریشان ہیں، جنہوں نے چار سالوں میں یہ حال کیا تو پانچ کا ٹولہ بیٹھا رہتا تو کیا حال کرتی ، کھلاڑیوں، اناڑیوں نے معیشت پر خودکش حملے کیے۔

بہاولپور میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ ہمیں جن حالات میں ملک ملا شکر کرو پاکستان بچ گیا ہے، یہ سمجھ رہے ہیں مسلم لیگ الیکشن سے گھبرا رہی ہے، سن لو میدان میں اتر چکے ہیں، الیکشن جب بھی ہوں گے کلین سویپ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے لندن سے سلام بھیجا ہے، جب سے اقتدار سنبھالا مخالفین نے سمجھ لیا شاید (ن) لیگ خاموش، کمزور ہو گئی ہے، کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر ان لوگوں کو کہتی ہوں اب مسلم لیگ کی باری ہے، نواز شریف نے رانا ثنا اللہ کو لندن بلایا تھا، میاں صاحب نے کہا تنظیمی کنونشن کا آغاز بہاولپور سے ہوگا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پشاور میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، شہدا کے اللہ تعالیٰ درجات بلند فرمائے، نوجوانوں کی بڑی تعداد دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، نوجوان میرا ہر اول دستہ ہوں گے، نوجوان، خواتین کے نئے ونگ تشکیل دیئے جائیں گے، میرے عہدے کے حوالے سے بڑی بات ہو رہی ہے، کارکنوں کی محبت ساتھ ہے کسی عہدے کی محتاج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدوں کے بغیر بھی کارکنوں کے شانہ بشانہ تھی، کارکنوں نے برے وقت میں نواز شریف کا ساتھ دیا، سلام کرتی ہوں، جب کوئی عہدہ نہیں تھا تب اور آج بھی میری سب سے بڑی طاقت ہے، موروثیت کی بڑی باتیں ہو رہی ہیں، عوام کے پیار کو ’’موروثیت‘‘ نہیں ’’جمہوریت‘‘ کہتے ہیں، عمران کے 4 سالہ جبر کے دور میں کارکنوں نے ساتھ نبھایا جس کی مثال نہیں ملتی۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ 4 سال پانچ کے ٹولے نے ملک لوٹا، چاہے کھوسہ ہو یا ڈیم والا بابا ہو یا عمران کی دوبیساکھیاں ہوں سب اپنے انجام کو پہنچے، آنے والے دنوں میں ان کی تصویریں بھی دکھاؤں گی، کوئی ہیرے کی انگوٹھیاں، کوئی دبئی پیسے بھیج رہا تھا، کسی نے چکوال میں کئی سو کنال کا گھر بنا لیا، 5 کے ٹولے سے ملک کو بچانا بھی (ن) لیگ کی ذمہ داری ہے، ہم کبھی بھی اس ملک کو ان کے ہاتھوں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب میڈیا پر میری اور نواز شریف کی آواز کو بند کیا گیا تو کارکن آواز بنے تھے، ارشد ملک نے نواز شریف کی بے گناہی کا ثبوت دیا، مجھے علم ہے پاکستان میں مہنگائی ہے، آٹا، تیل، چینی مہنگی ہے، احساس ہے اور دل کو تکلیف بھی ہے، نواز شریف مشکل فیصلوں کے حوالے سے لندن میں پریشان ہیں، جن حالات میں ملک ملا شکر کرو پاکستان بچ گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے مزید کہا کہ یہ اگلے 12 سال کا پلان بنا کر بیٹھیتھے، جنہوں نے چار سالوں میں یہ حال کیا تو پانچ کا ٹولہ بیٹھا رہتا تو کیا حال کرتی ، کھلاڑیوں، اناڑیوں نے معیشت پر خودکش حملے کیے، آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے پٹرول کی قیمتیں بڑھانی پڑتی ہیں، یہ معاہدہ عمران خان نے کیا تھا، ان کو جب کرسی ہلتی نظر آئی تو اسی معاہدے کی خلاف ورزی کر کے چلا گیا جس کا خمیازہ آج عوام اور حکومت بھگت رہی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ہمارے لیے بہت آسان تھا اس نے جس دن اسمبلی توڑی تو ہم دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیتتے، مسلم لیگ (ن) پاگل نہیں، ہم نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا، نوازشریف نے کہا کسی کی دھمکی میں الیکشن نہیں کروائیں گے، جس نے کبھی پیسے سے پیاز، ٹماٹر خریدا ہو اسے مہنگائی کا پتا ہوتا ہے، یہ بار بار کہتا ہے ملک سری لنکا بن جائے، یاد رکھنا نواز شریف، شہباز شریف نے ملک کو سری لنکا بننے سے بچایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف واحد وزیر اعظم تھا جس نے 2016 میں آئی ایم ایف پروگرام پورا کر کے خدا حافظ کہہ دیا تھا، آئی ایم ایف کو کون واپس لیکر آیا ، آئی ایم ایف کو خود مختاری کی گارنٹی دی گئی، نواز شریف دور میں 50 روپے کلوچینی تھی، کس کو تکلیف ہوئی زیرو لوڈ شیڈنگ ہوئی تو کس کو تکلیف ہوئی، نوازشریف کی صدارت چھین کر پاکستان کی ترقی چھین لی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے اگر 9 سال پاکستان کی 75 سالہ تاریخ سے نکال دو تو باقی کھنڈرات بچتے ہیں، ہم آج غیر ملکیوں کو موٹرویز کا جال، اورنج ، میٹرو بس بارے بتاتے ہیں تو کس کا نام آتا ہے، ایٹمی دھماکے کرنے والا کون ہی ، نواز شریف نے ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردی سے جان چھڑا دی تھی، آج دہشت گردی نے کیوں سر اٹھایا ، خیبرپختونخوا میں دل ہلا دینے والا واقعہ کیوں ہوا۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ میں بتاتی ہوں دہشت گردوں کیلئے خیبرپختونخوا کے دروازے کیوں کھولے گئے، عمران خان مہنگائی کا ذمہ دار شہباز شریف کو ٹھہراتا ہے، 5 دن پہلے خیبرپختونخوا، پنجاب میں بھی تمہاری حکومت تھی، حکومتیں سارے پاکستان میں تمہاری اور الزام شہباز شریف پر شرم کرو، اس کی الزام لگانے کی عادت نہیں جاتی، امریکا سے الزام لگاتا ہوا اب محسن نقوی پرسازش کا الزام لگا رہا ہے، اس کی کونسی بات پریقین کریں۔

انہوں نے کہا جس کو ہاتھ، آنکھیں کہتا تھا وہ افغانستان میں کھڑا ہو کر قہوہ پی رہا تھا، قوم سوال پوچھ رہی ہے خیبرپختونخوا پولیس کی کتنی کیپسٹی بڑھائی، دہشت گردی کی بات کرنے والا کان کھول کر سن لے، جب یہ وزیر اعظم رہا تو ایک بھی میٹنگ میں نہیں گیا، جب فرانزک لیب کی ضرورت ہوتی ہے تو شہباز شریف کی بنائی لیب میں آتے ہیں، نواز شریف کو حکومت جانے کا دکھ نہیں ان کو دکھ اس بات کا ہے کامیابیوں کو 5 کے ٹولے نے گنوادیا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پاناما جیسا ڈرامہ لیکرآئے، گزشتہ 4 سال میں دودھ اور شہد کی نہریں کیوں نہ بہائیں، گھر کی مرمت کر رہے ہیں انشائ اللہ سجانے کا وقت بھی آئے گا، نواز شریف کے علاوہ کوئی چوائس نہیں ہے، جو کارکن سوشل میڈیا پر نہیں فوری اپنے اکاؤنٹس بنا کر پارٹی اور ملک کی جنگ لڑیں، نوجوان اور خواتین کو ہر اول دستہ بنانا چاہتی ہوں۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو میرا پیغام دیں (ن) لیگ کیعلاوہ کوئی اور ترقی نہیں دے سکتا، ملک کو تقسیم کرنے والا دوست نہیں پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے، ہم دلوں کو توڑنے نہیں جوڑیں گے، کارکن ممبر سازی کو بڑھائیں اور سوشل میڈیا ٹیم کا حصہ بنیں، سب سوشل میڈیا پر نواز شریف، شہباز شریف کی آواز بنیں
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات