Live Updates

بھارت بدمعاش اور دہشت گرد ریاست بن چکا ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق شکایت کسی اور سے نہیں (ن) لیگ سے ہے،بلاول بھٹو زرداری

منگل 19 ستمبر 2023 16:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2023ء) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت بدمعاش اور دہشت گرد ریاست بن چکا ہے ،مغربی ممالک کب تک بھارت کی شرانگیزیوں کو نظر انداز کرتے رہیں گے،جمہوریت میں آزادی اظہار رائے کی بہت اہمیت ہوتی ہے ،سپریم کورٹ کی لائیو کوریج اچھا اقدام ہے ،لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق شکایت کسی اور سے نہیں صرف ن لیگ سے ہے ،مہنگائی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ،عوامی نمائندے ہی عوام کو ریلیف فراہم کر سکتے ہیں - انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز شادمان میں سینیئر صحافی امداد سومرو سے ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا- اس موقع پر قمر زمان کائرہ ،چوہدری منظور ، شازیب امداد، علی امداد ،رانا جمیل منج، امجد جٹ، ذوالفقار علی بدر،فیصل میر، چوہدری آصف ناگرہ، چوہدری عاطف رفیق ،ارسلان وڑائچ ،گوہر بٹ، وجاہت مسعود اور اسلم گل بھی موجود تھے - بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق شکایت کسی اور سے نہیں صرف ن لیگ سے ہے، شکایت کا آصف زرداری حل نکالیں گے، انہیں وقت دینا چاہیے، پیپلز پارٹی کا شروع سے مطالبہ ہے کہ نواز شریف کو واپس آنا چاہیے، نواز شریف نے واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا ہے تو پیپلزپارٹی ویلکم کرے گی، ہم بھی اپنے کیسز کو فیس کرنے کے لیے تیار ہیں، امید ہے نواز شریف بھی کیسز کا سامنا کریں گے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہا کہ بہتر ہوتا لیول پلیئنگ فیلڈ کے معاملے کو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی جانب سے ایڈریس کیا جاتا، ہمارے لیول پلیئنگ فیلڈ کے تحفظات خصوصی طور پر ایک سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے اصول واضح ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ سندھ میں ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے کی اجازت نہ ہو اور دیگر صوبوں میں ہو، پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے، ڈیویلپمنٹ سے متعلق وفاق اور تمام صوبوں میں لیول پلیئنگ فیلڈ ایک جیسی ہونی چاہیے، ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے لیے روایت ایک جیسی ہونی چاہیے- انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں ہر روز کوئی نہ کوئی شامل ہو رہا ہے،پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نیب کے کیسز پرانے ہیں اور چلتے آرہے ہیں، نیب کیسز کا آئندہ الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، بطور وزیرِ خارجہ میں جو کچھ کر سکتا تھا کیا، سپریم کورٹ کی کارروائی براہ راست دکھانا اچھا اقدام ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ عوام کو غرض نہیں کہ قیدی نمبر فلاں فلاں ہے، کسی کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ کون کیا کر رہا ہے، عوام کو اس وقت ایک امید اور روڈ میپ کی ضرورت ہے، ہماری ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ عام آدمی کو مہنگائی کے دور میں کیسے ریلیف دے سکتے ہیں، عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اختیار صرف الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

بلاول زرداری بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے جو تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے،سکولوں کی فیسیں، ہسپتالوں کے اخراجات برداشت کرنا مشکل ہو چکا ہے، ہم نے مہنگائی میں عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، ہم نے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا، یہ عوام کا حق تھا، ہمارے دور میں کسان خوشحال تھے، آج ملک کو عوام دوست حکومت کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بینچ بنانے کی صوابدید اس وقت چیف جسٹس کی ہے، جو کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے، پارلیمنٹ کے حوالے سے بہت اہم ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت بدمعاش اور دہشت گرد ریاست بن چکا ہے،کینیڈا میں جو قتل کیا گیا ہے اس کے حوالے سے فارن آفس کو کھل کر بات کرنی چاہیے، کینیڈا کے قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی بلکہ دنیا بھر کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی، عالمی برادری کب تک بھارت کے اس قسم کے اقدامات کو نظر انداز کرتی رہے گی؟ بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔

قبل ازیں چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری شادمان میں سینیئر صحافی امداد سومرو سے ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے ان کے گھر گئے اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی -
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات