Live Updates

پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی کی نئی کتاب ’’ سہیل وڑائچ کہانی‘‘ شائع ہو گئی

کتاب میں " سہیل سرور سلطان وڑائچ " کی زندگی کے ہر گوشے کو انتہائی خوب صورتی کے ساتھ طریقے سلیقے سے عیاں کیا گیا

Shahid Nazir Ch شاہد نذیر چودھری بدھ 18 اکتوبر 2023 11:56

پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی کی نئی کتاب  ’’ سہیل وڑائچ کہانی‘‘ شائع ..
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18اکتوبر۔2023ء) پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی کی نئی کتاب پاکستان کے نامور صحافی اور ہر دلعزیز شخصیت  جناب سہیل وڑائچ کی بائیو گرافی پر مشتمل "سہیل وڑائچ کہانی" طبع ہو کر منظر عام پر آ گئی۔اس کتاب میں " سہیل سرور سلطان وڑائچ " کی زندگی کے ہر گوشے کو انتہائی خوب صورتی کے ساتھ طریقے سلیقے سے عیاں کیا گیا ہے  ان کے حسب و نسب کی تفصیل و خاندانی پس منظر ، بچپن کی خاموشی ، لڑکپن اور نوجوانی کی شرارتیں، ابتدائی تعلیم ، سکول و کالج کے تجربات ، کس طلباء تنظیم سے منسلک رہے ، یونیورسٹی کا سحر کیسے طاری ہوا ، لاہور آمد اور ایف سی کالج میں ملازمت ، پھر کامیاب صحافتی زندگی کے نشیب و فراز پر تفصیل سے لکھا گیا ہے ۔

شادی کہاں کی ، لو میرج تھی یا ارینج میرج ( یہ وہ سوال ہے جو سہیل وڑائچ صاحب اپنے ہر انٹرویو دینے والے سےکرتے ہیں اس لئے ان سے بھی یہ سوال کیا گیا ہے ) جس کا انہوں نے بڑی خوب صورتی کے ساتھ ہنستے ہوئے جواب دیا ۔

(جاری ہے)

نکاح کس بڑے مذہبی و سیاسی لیڈر نے پڑھایا ، کیا یہ کھلا تضاد نہیں ہے‘‘ جیسا مخصوص لہجہ کیسے اپنایا اور متعارف کرایا ؟ زندگی میں ٹھہراو کیسے آیا سخت سے سخت بات نرم لہجہ میں کیسے بیان کر لیتے ہیں ۔

کن بڑی شخصیات کے انٹرویوز کے دوران کون سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سب سے اچھا انٹرویو ان کی نظر میں کون سا ہے ؟ ایک چینل سے دوسرے چینل میں کیوں گئے ، کالم نگاری کیسے شروع کی اور پھر کالم نگاری کے میدان میں اپنے آپ کو کیسے منوایا ؟ اشاروں ، کنایوں اور مختلف اصطلاحات سے کالم لکھنے کا انداز کیسے اپنایا ، دنیا کے کس بڑے صحافی سے متاثر ہیں؟ سیاست کی پکڈنڈیوں اور سیاست کی انہونیوں کو کیسے سمجھا ؟ کیسے علم ہو جاتا ہے کہ کون آرہا ہے کون جا رہا ہے ، میاں نواز شریف ان سے کبھی ناراض کبھی خوش کیوں رہے؟ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید دور سے دیکھ کر ان کو کس نام سے پکارتی تھیں ؟ آصف علی زرداری ، مولانا فضل الرحمن اور باقی سیاستدانوں سے ملاقاتوں میں کن امور کو زیادہ تر گپ شپ کا حصہ بناتے ہیں؟ نوابزادہ نصر اللہ خان آج بھی ان کی پسندیدہ شخصیت کیوں ہیں ؟ دیانت و امانت میں الشاہ احمد نورانی کو قدر کی نگاہ سے کیوں دیکھتے ہیں ؟ الطاف حسین نے بڑے پیمانے پر ان کے خلاف کیوں احتجاج کرائے؟
 چوہدری ٹچ اصل میں کون ہے اور یہ اصطلاح کیسے ا ن کے علم میں آئی؟ عمران خان کو پانچ سال پورے کرنے دیں کا بار بار کیوں کہتے  رہے؟ نگران حکومتوں کی کیا ذمہ داری ہوتی ہے؟ وہ کن باتوں کے پابند ہوتے ہیں؟ نگران حکومت کیا کر سکتی ہے اور کیا نہیں کر سکتی ؟ جو کچھ ہو رہا ہے وہ یہ کس نظر سے دیکھتے ہیں؟ سیاستدانوں کے بیرون ملک اثاثوں پر ان کی رائے کیا ہے؟ کس جماعت کے بارے نرم گوشہ رکھتے ہیں اور کس جماعت کو پسند نہیں کرتے ہیں؟ سیاسی جماعتوں کو سیاست کیسے کرنی چاہیے اور مذہبی جماعتوں نے سیاست میں آ کر کیا کھویا کیا پایا اس بارے کیا کہتے ہیں ؟ چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی سیاست میں فرق کیا ہے؟ پاکستان میں الیکشن کن خطوط پر ہوتے ہیں اور الیکشن جیتنے کے لئے کن امور کو پیش نظر رکھنا پڑتا ہے؟
انٹرنیشنل امور چین ، امریکہ ، افغانستان ، روس ، انڈیا ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات کس وجہ سے خراب ہوتے ہیں اور ٹھیک رہتے ہیں؟ عدالتی نظام میں خوبیاں اور خامیاں کیا ہیں؟ عدالتوں سے مرضی کے فیصلے کیسے لئے جاتے ہیں یا کرائے جاتے ہیں؟ دفاعی اداروں کی کن امور پر حکومت کی بات مان لینی چاہیے اور کن ایشوز پر ان کو حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے؟ یہ سب سوالات ’’سہیل وڑائچ کہانی‘‘ کتاب کی زینت ہیں ۔

یہ کتاب ہر تعلیم یافتہ فرد کے لیے ضروری اس لئے بھی ہے کیونکہ کسی بھی شخصیت کو پرکھنے کے اصول و ضوابط اور اسلوب و معیارات مہیا کرتی ہے ۔ بلکہ کتاب میں نرم ، گرم ، پرلطف اور طنزومزاح پر مبنی کئ سوالات بڑے ہی عجز و انکسار کے پیرائے میں کئے گئے کہ وہ کون سی وجوہات و خوبیاں ہیں جو آپ کو دوسرے صحافیوں سے منفرد و ممتاز کرتی ہیں اور ایک عام پاکستانی کیسے اپنی شخصیت کو سب کے لئے قابل قبول بنا سکتا ہے ۔

"سہیل وڑائچ کہانی" میں موصوف کی کتابوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ انہوں نے مخصوص حالات میں خاص کتابیں کیوں لکھی ، ان کتابوں کی پذیرائی کیسے ممکن ہوئی اور بعض کتابوں کے دیگر زبانوں میں تراجم کرانے سے پڑھنے والوں کو سہولت دینے کا کیسے خیال آیا ۔
"سہیل وڑائچ کہانی" میں چند منتخب کالم بھی شائع کئے گئے ہیں جن میں جنرل حمید گل کا خط عالم بالا سے ، دو چہرے ،سیاست کریں مگر اصلاحات بھی لے آئیں ،سرو اور گھاس ، تاریخ کا مقدمہ بنام محمود اچکزئی ، مجھے کورونا ہو گیا ، بے بے جی ، جہانگیر بدر بھولے تھے ، ابن بطوطہ دو م کا سفر نامہ ، میانداد کا راستہ ، میں مولو مصلی ہوں ، جب بادشاہ قید ہوا، ہمارے ہیرو بوڑھے کیوں ہیں،شامل ہیں ۔

 
اس سے پہلے معروف مصنف ، بائیوگرافر ، روحانی تربیت کار ، کالم نگار کی 13 کتب شائع ہو چکی ہیں۔جبکہ بائیو گرافر پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی 2001 سے صحافت کی دنیا سے منسلک ہیں ۔ یہ کتاب پیر محمد ضیاءالحق نقشبندی کی تصانیف میں ایک اور جوہرِ نایاب کا اضافہ ہے۔ معیای کاغذ پر شائع ہونے والی "سہیل وڑائچ کہانی" کتاب کی قیمت 1200 ہے۔ یہ کتاب  الامین پبلی کیشنز 307 شادمان لاہور پاکستان نے شائع کی ہے ۔

پاکستان ، دبئی ، انگلینڈ میں تمام بڑے بک سٹال پر "سہیل وڑائچ کہانی" دستیاب ہے ،آن لائن گھر بیٹھے لوگ بھی یہ کتاب حاصل کر سکتے ہیں جبکہ  انٹرنیٹ پر بھی یہ کتاب بآسانی پوری دنیا میں عنقریب دستیاب ہوگی ۔جبکہ دوسری طرف اس کتاب کا انگلش ایڈیشن بھی جلد منظر عام لانے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات