پیپلزپارٹی کی وڈیرہ شاہی اور ایم کیو ایم کی بے وفا کرپٹ و نا اہل حکومتوں نے حیدرآباد کو بنیادی سہولتوں سے محروم کھنڈر بنا کر رکھ دیا، معراج الہدیٰ

جمعرات 25 جنوری 2024 21:30

�یدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2024ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و امیدوار قومی اسمبلی حلقہ 219 لطیف آباد ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی وڈیرہ شاہی اور ایم کیو ایم کی بے وفا کرپٹ و نا اہل حکومتوں نے حیدرآباد سمیت صوبے شہری و دیہی علاقوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کھنڈر بنا کر رکھ دیا ہے، حیدرآباد میں اعلیٰ فنی تعلیم کا نہ کوئی ادارہ ہے نہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع ہیں، جماعت اسلامی دیانت امانت خدمت ترقیاتی کاموں کا طویل ریکارڈ رکھتی ہے، اس نے ملک بھر میں دیانتدار اور اہل امیدوار نامزد کئے ہیں، اگر قوم نے شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 فروری کو "ترازو" کو ووٹ دے کر اپنا نمایاں مینڈیٹ دیا تو جماعت اسلامی ملک کو کرپشن، قرضوں کی معیشت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی سے نجات دلانے کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی جس سے حیدرآباد کے مایوس نوجوانوں کے لئے روشن مستقبل اور ترقی کے راستے کھلیں گے۔

(جاری ہے)

وہ لطیف آباد نمبر 6 ریسرچ اکیڈمی میں ظہرانے پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے جس میں امیر جماعت اسلامی حیدرآباد عقیل احمد خان، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 220 حیدرآباد سٹی سے امیدوار حافظ طاہر مجید ،این اے 218 کے امیدوار سردار زبیر خادم سولنگی، امیدوار صوبائی حلقہ حیدرآباد پی ایس 61 ڈاکٹر سیف الرحمن ، حلقہ 62 آفاق نصر، پی ایس 63 ظہیر الدین شیخ، پی ایس 64 حافظ عرفان قائم خانی، امیدوار پی ایس 60 قاری محبوب علی میہسر ، پی ایس 61 فتح محمد شورو ایڈوکیٹ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق بعد نماز جمعہ لطیف آباد نمبر 7 میں ایک بڑے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے، اس سلسلے میں کارکنوں اور عوام میں بڑا جوش و خروش پایا جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں جماعت کے امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسوں سے سراج الحق خطاب کر رہے ہیں، میڈیا کے کوریج اور معتبر اداروں کے سروے سے واضع پتہ چل رہا ہے کہ جماعت اسلامی نے روائتی طور پر جو دیانتدار اہل اور عوامی خدمت کا ریکارڈ رکھنے والے امیدوار کھڑے کئے ہیں عوام میں انہیں بڑی پزیرائی مل رہی ہے اور 8 فروری کا دن قومی سطح پر بڑی تبدیلی لائے گا، ایک سوال پر انہوں نے کہا جمہوری نظام کے بارے میں بہت مایوسی پھیلائی جاتی رہی ہے اگر عوام اپنی ازاد مرضی اور جرات سے جماعت اسلامی کے دیانتدار باصلاحیت امیدواروں کو ووٹ دے کر اپنی ذمہ داری پوری کریں اور صرف گھروں میں بیٹھ کر رونا دھونا نہ کیا جائے تو عوامی سیلاب کو کوئی نہیں روک سکے گا، جماعت اسلامی کے خلاف ایم کیو ایم کے الزامات کے بارے میں سوال پر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ جن کا قائد انہیں اعلانیہ نمک حرام کہہ رہا ہو ان کے بارے میں کچھ کہنا بیکار ہے، یہ بکنے والے لوگ ہیں، 60 گز کے مکانات میں رہنے والوں نے ڈیفنس کراچی میں 5 بنگلے بنا لئے، حیدرآباد کے نوجوانوں کے لئے عشروں میں ایک یونیورسٹی قائم نہیں کرائی اور نہ ہی روزگار کے کوئی مواقع پیدا کئے، انہوں نے حیدرآباد کے عوام سے بے وفائی کی ہے، انہوں نے کہا کہ گذشتہ عشروں میں ایم کیو ایم بار بارمختلف وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں شامل رہی ہے، آئی ٹی کی وفاقی وزارت گذشتہ سالوں میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور امین الحق کے پاس رہی مگر انہوں نے حیدرآباد میں اعلیٰ ٹیکنیکل تعلیم کا ایک ادارہ تک قائم نہیں کیا،عوام نے ہم پر اعتماد کیا تو ہم اعلیٰ تعلیم کے ادارے قائم کریں گے اور حیدرآباد سندھ کو حیدرآباد دکن کی طرح آئی ٹی سٹی میں تبدیل کر دیں گے، انہوں نے کہ جماعت اسلامی حکومت میں نہ ہونے کے باوجود عوامی خدمات کا مثالی ریکارڈ رکھتی ہے، میئر کراچی عبدالستار افغانی اور سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کراچی کے وسائل کو دیانتداری اور ذمہ داری سے ترقی کے لئے استعمال کر کے فراہمی آب سمیت عوامی بہبود کے میگا پروجیکٹ مکمل کئے اور خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی بلکہ کرپشن ختم کر کے اور نئے وسائل پیدا کر کے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مالی وسائل میں غیرمعمولی اضافہ کیا لیکن ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار،مصطفے کمال نے جاری منصوبے بھی ادھورے چھوڑ دیئے، انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ کا شروع کردہ کراچی کا کے فور پانی کا منصوبہ کم خرچ سے 2007 میں مکمل ہو جاتا لیکن ادھورا ہے اور اس کی لاگت کئی گنا بڑھ چکی ہے، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 1970 میں سٹی کے حلقے سے جماعت اسلامی کے امیدوار مولانا سید وصی مظہر ندوی تھے تو 1977 میں جماعت اسلامی کے ممتاز رہنما میاں محمد شوکت لطیف آباد سے قومی اسمبلی نشست پر کامیاب ہوئے تھے جماعت اسلامی کا صرف مذہبی ووٹ پر انحصار نہیں ہے، حیدرآباد کے ہر شعبہ زندگی کے عوام نے ہمیشہ جماعت اسلامی کی بڑی پزیرائی کی ہے اور عشروں تک حیدرآباد کے نمائندوں کی کرپشن ،حیدرآباد کے نوجوانوں سمیت ہر شعبے کے مسائل کو مسلسل نظر انداز کرنے اور اربوں کے مالی وسائل ملنے کے باوجود شہر کو ترقی سے محروم رکھنے اور کھنڈر بنانے کے تجربے کے بعد اب سٹی لطیف آباد قاسم آباد کے عوام یکساں طور پر جماعت اسلامی کے امیدواروں کی پزیرائی کر رہے ہیں اور جماعت اسلامی کے امیدوار مینڈیٹ حاصل کرکے انہیں مایوس نہیں کریں گے، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی خدمات تاریخی حیثیت رکھتی ہیں اور جاری ہیں، موجودہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کے پی کے کے سینئر وزیر و وزیر خزانہ کی حیثیت سے پانچ مثالی ترقیاتی بجٹ پیش کئے اس وقت صوبے پر کوئی قرض نہیں تھا اب بھی قرضوں میں جکڑے ہیں۔