Live Updates

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کردیا

مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں. ترجمان الیکشن کمیشن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 20 اپریل 2024 23:08

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 اپریل۔2024 ) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات 2024 میں عوام کی سہولت کیلئے الیکشن کمیشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر (ای ایم سی سی) قائم کردیا ہے ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اس سنٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہوگی.

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق عوام کی شکایت کے بروقت ازالہ کیلئے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے الیکشن کمیشن نے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کیلئے چار سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں.

ترجمان نے کہا کہ عوام مذکورہ ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں شکایات کے اندراج کیلئے ای ایم سی سی سنٹر کے عملہ سے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں الیکشن کمیشن نے عوام کی سہولت کیلئے ای ایم سی سی میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے ای ایم سی سی پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک چوبیس گھنٹے کام کرے گا کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہوگی.

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی 5 خالی نشستوں، پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کی 2، 2 نشستوں جبکہ سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات کل اتوار کے روزہورہے ہیں جن نشستوں پر ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں کل پولنگ ہوگی ان میں این اے 8 باجوڑ اور پی کے 22 باجوڑ کے انتخابات امیدوار ریحان زیب خان کے قتل کے باعث ملتوی کردیے گئے تھے این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان سے علی امین گنڈا پور کامیاب ہوئے لیکن انہوں نے قومی اسمبلی کی یہ نشست چھوڑ دی اور وہ اپنی صوبائی اسمبلی کی نشست برقرار رکھ کرکے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ بنے اسی طرح لاہور کا این اے 119 سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کامیاب ہوئی تھیں جنہوں نے پی پی 159 سے ممبر پنجاب اسمبلی بننے کو ترجیح دی وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، انہوں نے این اے 132 قصور اور لاہور کی پی پی 158 اور پی پی 164 کی نشستیں چھوڑ دیں اور این اے 123 لاہور کی نشست سے قومی اسمبلی کے رکن بنے.

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی انہوں نے این اے 194 لاڑکانہ کی نشست اپنے پاس رکھی اور این اے 196 قمبر شہداد کوٹ کی نشست خالی کردی. صدرآصف علی زرداری نے صدرمملکت منتخب ہونے کے لیے این اے 207 شہید بےنظیر آباد کی نشست چھوڑ دی تھی مگر آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو پہلے ہی اپنے والد کی جانب سے چھوڑی گئی نشست سے بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوچکی ہیں.

خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 91 کوہاٹ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کے انتقال کے بعد پولنگ ملتوی کردی گئی تھی، سندھ اسمبلی کی ایک نشست پی ایس 80 دادو سے الیکشن جیتنے والے عبدالعزیز جونیجو کے انتقال کے بعد یہ نشست بھی خالی ہوگئی تھی بلوچستان میں بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے این اے 256 کی نشست برقرار رکھتے ہوئے پی بی 20 خضدار کی نشست چھوڑ دی تھی.

پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما غلام عباس نے این اے 53 راولپنڈی کی نشست برقرار رکھی اور پی پی 22 کی نشست چھوڑ دی اسی طرح مسلم لیگ (ق) کے چوہدری سالک حسین نے این سے 64 کی نشست برقرار رکھی اور پی پی 32 گجرات سے دستبردار ہوگئے. محمد احمد چٹھہ کی جانب سے حلف نہ اٹھائے جانے کے باعث پی پی 36 وزیر آباد کی نشست خالی ہوئی تھی، پی پی 54 نارووال کی نشست سے مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال نے حلف نہیں اٹھایا، انہوں نے این اے 76 نارووال کی نشست اپنے پاس رکھنے کو ترجیح دی.

پی پی 139 شیخوپورہ مسلم لیگ (ن) کے رانا تنویر کے حلف نہ اٹھانے کے باعث خالی ہوئی، اسی طرح وزیراعظم کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے پی پی 147 لاہور سے حلف نہیں اٹھایا پی پی 149 لاہور سے استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان نے حلف نہیں اٹھایا وہ این اے 117 لاہور کی نشست پر حلف اٹھا کر ممبرقومی اسمبلی بن گئے، پی پی 266 رحیم یار خان کی پولنگ امیدوار کی موت کے باعث ملتوی کردی گئی تھی جبکہ پی پی 290 ڈیرہ غازی خان کو اویس لغاری کے حلف نہ اٹھانے پر خالی قرار دیا گیا تھا.
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات