نواز شریف سیاسی میدان میں متحرک، پارٹی کو فعال کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت

جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا‘ صدر مسلم لیگ (ن) سے کے پی کے کی صوبائی تنظیم کی ملاقات سابق سینیٹر ،اے این پی کے مرکزی سیکریٹری ا طلاعات زاہد خان کا نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ،مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان احسن اقبال ،امیر مقام ،جاوید مرتضی ، کیپٹن صفدر ،انوشہ رحمان بھی موجود تھے،رہنمائوں کا نواز شریف کو خیبر پختونخواہ کے دوروں کا مشورہ پی ٹی آئی کو اپنا سربراہ تبدیل کرکرنے کا مشورہ ،پاکستان کو سیاسی نہیں بلکہ معاشی لانگ مارچ کی سخت ضرورت ہے،احسن اقبال

جمعرات 27 فروری 2025 19:10

�اہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پارٹی کو فعال کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے،پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے،جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیااللہ تعالی کی مددسے پاکستان کی معیشت کو دوبارہ بحالی کے راستے پر ڈالا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواہ کی صوبائی تنظیم سے ملاقات کے دوران کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری و وفاقی وزیر احسن اقبال ،صدر (ن) لیگ خیبر پختونخواہ امیر مقام ،سیکریٹری جنرل (ن) لیگ کے پی کے جاوید مرتضی عباسی ، کیپٹن صفدر اور ایڈیشنل سیکریٹری جنرل مسلم لیگ(ن) انوشہ رحمان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سابق سینیٹر اور اے این پی کے مرکزی سیکریٹری ا طلاعات زاہد خان نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوکر بھرپورسیاسی کردار ادا کرنے کاعزم دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور اسکے قائد محمدنواز شریف کانظریہ اورپروگرام ہی پاکستان اور خیبرپختونخواہ کے عوام کو موجودہ مسائل سے نجات دلواسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے خیبرپختونخواہ کے عوام کو کئی عرصوں سے جاری دہشت گردی کا خاتمہ کر کے امن و سکون لوٹایا اور ملک کے لئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جن کی بدولت عوام کو فائدہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل جیسا منصوبہ جو کہ سفیدہاتھی بن چکا تھا اسے نواز شریف نے مکمل کرواکر چترال کے عوام کے لئے بہترین سہولت فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کی عوام وزیراعلی مریم نواز کی کارگردگی کو سراہتے ہیں اور اپنے صوبے میں بھی مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے زاہد خان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ وہ منجھے ہوئے سیاسی کارکن ہیںاور ان کی شمولیت سے مسلم لیگ(ن) کی طاقت میں ا ضافہ ہوگا۔

نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخواہ پاکستان کا دل ہے اور وہاں کی عوام نے تحریک پاکستان اور دہشت گردوں کے خلاف بٹری قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے۔ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایک بار پھر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کابیٹرہ اٹھایا اور اللہ تعالی کی مددسے پاکستان کی معیشت کو بحالی کے راستے پر ڈالا ہے۔

پاکستان کی ترقی کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک تمام صوبے اس میں شریک نہ ہوں۔ ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ترقی کے لئے ناگزیر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ معیشت میں ڈھالنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کام کر رہی ہے۔ صدر مسلم لیگ(ن) نے وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے 20پسماندہ ترین اظلاع کے لئے ترقیاتی منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پسماندہ علاقوں کی ترقی کی دوڑ میں آگے لانے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھانے چاہئے ہیں تاکہ ترقی میں کوئی علاقہ یا طبقہ محروم نہ رہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے صدر مسلم لیگ (ن) کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ائیرپورٹ کی فنڈنگ کو پی ٹی آئی کی حکومت میں روک کر منصوبے کو ترک کردیا گیاتھا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے خیبرپختونخواہ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفینگ بھی دی۔پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں مسلم لیگ کے صوبائی سطح کے پارٹی معاملات پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر میاں نواز شریف نے نارووال کے کامیاب جلسے کو سراہا۔

ذرائع کے مطابق احسن اقبال نے اہم پارٹی امور پر میاں نواز شریف کو بریفنگ دی، اس موقع پر عید کے بعد مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں مزید جلسوں پر مشاورت کی گئی۔میاں نواز شریف نے پارٹی کو فعال کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے۔پارٹی ذرائع کے مطابق کے پی کے کے رہنمائوں نے نواز شریف کو کے پی کے اضلاع کا دورے کرنے کا مشورہ دیا ۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی نہیں بلکہ معاشی لانگ مارچ کی سخت ضرورت ہے۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو اپنا سربراہ تبدیل کرکرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قومی مجرم ہیں انہیں ہٹا کر ایماندار قیادت سامنے لائی جائے، اپوزیشن پاکستان کی ترقی کی وجہ سے پریشان ہے۔حالات اب یہ ہو گئے ہیں کہ اپوزیشن خالی کرسیوں کے ساتھ کانفرنس کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی نے لندن سے ملنے والا چوری کا پیسہ اسی چور کے اکائونٹ میں جمع کروا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ساری پی ٹی آئی کی ایک ہی امید ہے کہ شاید امریکہ مائی باپ بن کر نجات دلائے، یہ تو لطیفہ ہے کہ امریکہ بانی پی ٹی آئی کو رہائی دلائے گا، پھر بانی پی ٹی آئی رہا ہو کر پاکستان کو امریکہ کی غلامی سے رہائی دلائیں گی ۔مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس قسم کے لطیفے میرا خیال ہے لوگ اب سمجھ چکے ہیں، امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا، پاکستان کا آئین اور قانون کا نظام ہے، بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے خلاف عدالت نے سزا دی ہے، ان کے چھوٹنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ان کے مقدمے عدالت کے ذریعے ختم ہوں، جس چوری میں وہ پکڑے گئے ہیں، دنیا کی کوئی بھی عدالت چوری کو سفید نہیں کر سکتی۔تحریک انصاف کے کارکنان کو چاہیے کہ وہ باجی پی ٹی آئی کا گریبان پکڑیں اور پوچھیں کہ ان کے اعتماد کو ٹھیس کیوں پہنچائی۔