عوامی ریلیف، ملکی خدمت ہی ن لیگ کی روایت اور یہی ہماری سیاست ہے، نواز شریف

آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں؛ صدر ن لیگ کی وفاقی وزیر اویس لغاری سے ملاقات میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 9 اپریل 2025 16:19

عوامی ریلیف، ملکی خدمت ہی ن لیگ کی روایت اور یہی ہماری سیاست ہے، نواز ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2025ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا، ہماری جماعت نے عوام کے ریلیف اور ملک کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا، یہی ہماری روایت اور سیاست ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے نواز شریف سے ملاقات کی، اس دوران صدر ن لیگ نے بجلی کی قیمتوں میں کمی پر انہیں مبارک دی اور کہا کہ عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں کیوں کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے عوام سے کیے وعدے پورے ہو رہے ہیں، مسلم لیگ ن نے عوام کے ریلیف اور ملک کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے، یہی ہماری روایت ہے یہی ہماری سیاست ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ نواز شریف سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بھی اپنی جماعت کے وفد کے ہمراہ جاتی امرا رائیونڈ میں ملاقات کی، اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزراء اویس لغاری، احسن اقبال، پرویز رشید، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال اور سردار اویس لغاری بھی ملاقات میں شامل تھے، نواز شریف کی جانب سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں بلوچستان کے حالیہ واقعات، دہشت گردی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نواز شریف کو دورہ بلوچستان کی دعوت دی، اس کے علاوہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نواز شریف کو مہنگائی کی رفتار اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ میں نواز شریف اور لیگی رہنماوں کا مشکور ہوں کہ ہمارے خیرسگالی وفد کو بھرپور احترام دیا، بلوچستان دو دہائیوں سے خون میں رنگا ہوا ہے اور اس دوران نواز شریف کا کردار بہت اہم ہے، بلوچستان کے عوام کو نواز شریف سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اور انہوں نے نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ بی این پی مینگل کے دھرنے اور خواتین کی جیلوں میں موجودگی پر اپنا کردار ادا کریں جس پر نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ دوبارہ اپنے کردار کو فعال کریں گے۔