ایران میں پاکستانیوں کا قتل دونوں ممالک میں تعلقات کو خراب کرنے کی مذموم کوشش ہی: سردار سلیم حیدر

ًغزہ اور فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر ظلم قابل مذمت ، گورنر پنجاب سے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی ملاقات

اتوار 13 اپریل 2025 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ایران میں پاکستانیوں کا قتل شر پسند عناصر کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ غزہ اور فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر ظلم قابل مذمت ہے۔ گورنر ہاؤس میں غیر ملکی مشروبات اور دیگر مصنوعات کے استعمال پر مکمل پابندی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حیدر علی گیلانی، سینئر رہنما چوہدری منظور اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ایران میں دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے اس واقعے میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کرکے سزا دی جائے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور شر پسند عناصر نے دونوں ممالک کی دوستی کو پارہ پارہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے بلاول بھٹو کو اپنا نوجوان چیئرمین منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے فروغ اور استحکام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ گورنر پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی پنجاب اور دیگر صوبوں میں بھی مقبول ترین جماعت بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت کا وژن غریب عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ گورنر پنجاب نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو کو ملک کا اگلا وزیراعظم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔