مودی کو امن نہیں صرف طاقت کی زبان سمجھ آتی ہے،جمعیت علما پاکستان (نورانی)
مئی کو جے یو پی ملک گیر سطح پر ''یوم تحفظ وطن'' منائے گی، ملک بھر میں ریلیاں جلوس کانفرنس سیمینار اور احتجاجی مظاہرے ہوں گے،ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر
اتوار 11 مئی 2025
20:00
�یدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)مودی کو امن نہیں صرف طاقت کی زبان سمجھ آتی ہے، بھارت کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کا دندان شکن جواب قابل تحسین ہے، جے یو پی افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے، جمعہ 16 مئی کو جے یو پی ملک گیر سطح پر ''یوم تحفظ وطن'' منائے گی، ملک بھر میں ریلیاں جلوس کانفرنس سیمینار اور احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔
جمعیت علما پاکستان (نورانی)اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے جے یو پی کی مرکزی مجلس شوری کے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور بھارت کی حالیہ جارحانہ کشیدگی کا پاک فوج کی جانب سے دیئے گئے دندان شکن جواب کو قومی غیرت اور عسکری مہارت کی فتح قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو امن کی زبان سمجھ نہیں آتی وہ صرف طاقت اور مزاحمت کی زبان ہی سمجھتا ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دوست ممالک کے تعاون سے سیز فائر ہوا جس کا کریڈٹ امریکہ بہادر اور ٹرم صاحب لے رہے ہیں تو اب یہ ان کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور اسے لگام دیں کیونکہ بھارت خطے کے امن کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ صبر، تدبر اور امن کی بات کی ہے، مگر جب دشمن حد پار کرے تو جواب دینا ناگزیر ہو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، پاک فوج نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے مودی کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ یہ نیا پاکستان ہے، جو اپنی سرحدوں، قوم، اور غیرت کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔
(جاری ہے)
صاحبزادہ ابوالخیر نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سفارتی محاذ پر بھی بھارت کے مکروہ عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے اور عالمی برادری کو باور کرائے کہ جنوبی ایشیا میں بدامنی کا اصل ذمہ دار بھارت ہی ہے جس نے سندھ طاس معاہدہ ختم کر کے آبی جارحیت کی ہے، انہوں نے ملک کی تمام مقتدر سیاسی مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ آپس کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کی بقا سالمیت اور تحفظ کیلئے یکجا ہو کر آگے بڑھیں اور قوم سے اپیل کی کہ وہ ہر سطح پر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو اور ملکی یکجہتی و استحکام کو اپنی پہلی ترجیح بنائے، اس ضمن میں جمعیت علما پاکستان نے جمعہ 16 مئی کو ملک گیر ''یوم تحفظ وطن'' منانے کا اعلان کرتے ہوئے جے یو پی کی ضلعی،صوبائی اور مرکزی قیادت کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں ریلیاں جلوس کانفرنس سیمینار اوربھارت کے جارحانہ عزائم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں، انہوں نے افواج پاکستان کی شاندار کامیابی پر حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اگر بھارت کا دماغ درست ہو گیا ہے اور وہ مذاکرات کیلئے تیار ہے تو حکومت سب سے پہلے سندھ طاس معاہدہ بحال کرائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پائیدار اور جرت مندانہ موقف اختیار کرے۔
آن لائن اجلاس سے جے یو پی کے مرکزی سیکریٹری جنرل پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی، ڈاکٹر یونس دانش، رشید احمد رضوی، سید شاداب الحسن گیلانی، سید قطب الدین سیالوی، ناظم علی آرائیں، محمد ایوب مغل، علامہ افتخار احمد عباسی، سید عبدالغنی شاہ، انواز الزماں شاہ، محمد عثمان سیالوی طارق ہاشمی، پروفیسر فضل کبیر ہارونی، علامہ اظہر حسین فاروقی، حافظ عاشق علی، محمد رضوان شیخ نے بھی خطاب کیا۔
جمعیت علما پاکستان کی شوری نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت پر دیے گئے بروقت، جرت مندانہ اور دندان شکن جواب کو پاکستانی عوام کی آواز اور قومی غیرت کا مظہر سمجھتے ہیں، جے یو پی ہر سطح پر افواج پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور عوامی حمایت جاری رکھے گی، اور دفاع وطن کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی جنگی ذہنیت کو اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی طاقتوں کے سامنے کھل کر بے نقاب کرے اور سفارتی محاذ پر مثر اقدامات کرے، جے یو پی ملک گیر سطح پر ''یوم تحفظ وطن'' منانے کا اعلان کرتی ہے، جس میں عوام کو پاکستان کے دفاع، افواج کی حمایت، اور بھارتی فتنہ گری کے خلاف بیدار کیا جائے گا، ہم تمام مذہبی، سیاسی و قومی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اختلافات بالائے طاق رکھ کر وطن کے دفاع کی مشترکہ صف میں شامل ہو جائیں۔
یہی وقت کا تقاضہ اور قومی وحدت کی علامت ہے، ہم عہد کرتے ہیں کہ دشمن سن لی! یہ وطن لا الہ الا اللہ کے نام پر بنا تھا، اور اس کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق، اور دو طرفہ معاہدوں کی کھلی توہین ہے، جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی امن کے دعویدار ادارے بھارت کی جنگی ذہنیت اور جنگی جرائم کا نوٹس لیں، جے یو پی ایل او سی کے متاثرین اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتی ہے، اور ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتی ہے، تمام دینی، سیاسی اور سماجی قوتوں کو ملک کے دفاع میں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کی دعوت دیتی ہے۔