Live Updates

مودی کے دن گنے جا چکے ہیں، اب فیصلہ بھارت کی عوام کرے گی

مودی نے اپنی تقریر میں معاملات کو سمیٹنے کی کوشش کی لیکن سمیٹ نہ سکا، مودی کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ وزیردفاع خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 13 مئی 2025 23:36

مودی کے دن گنے جا چکے ہیں، اب فیصلہ بھارت کی عوام کرے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2025ء) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مودی کے دن گنے جا چکے ہیں، اب فیصلہ بھارت کی عوام کرے گی، مودی نے اپنی تقریر میں معاملات کو سمیٹنے کی کوشش کی لیکن سمیٹ نہ سکا، مودی کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تنقید کا سیلاب آیا ہوا ہے۔

مودی نے اپنے خطاب میں چیزوں کو سمیٹنے کی کوشش کی لیکن چیزیں اتنی بکھر چکی ہیں کہ وہ سمیٹ نہیں سکے گا، مودی کے دن گنے جاچکے ہیں، اب فیصلہ بھارتی عوام کرے گی۔ کشمیر اور دہشت گردی پر بات ہوگی، بھارت سے مذاکرات کے ایجنڈے میں 3 چیزیں ہیں۔ دہشت گردی ایجنڈے کا ایک حصہ ہے، دنیا اب خود فیصلہ کرے، پاکستان 25 برسوں سے دہشت گردی کا نشانہ ہے اور الزام بھی ہمارے اوپر لگایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ٹی ٹی پی اور بی ایل اے ہندوستان کے ایجنٹ ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خود پیشکش کی تھی کہ دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات کی جائیں، پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ کو تسلیم کیا جائے، ہم نے بڑا نقصان اٹھایا، پوری دنیا سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا ایجنڈا مسئلہ کشمیر ہے اس پر بھی بات ہونی چاہیے اور تیسرا پانی کے مسئلہ پر بات کی جائے گی۔

پانی کے معاملے کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، سندھ طاس معاہدے کو چھیڑا نہیں جاسکتا۔ جب مذاکرات کی کوششں شروع ہوں تو معاہدے کی شقوں کے مطابق دیکھنا چاہیے۔ دوسری جانب پاکستان کی 3بڑی جماعتوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ناقابل بھروسہ قرار دے دیا۔ (ن) لیگ کے بلال اظہر کیانی، پی پی کے آغا رفیع اللہ اور پی ٹی آئی کے صاحبزادہ حامد رضا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو حالیہ تقریر اور ٹوئٹ کے بعد پاکستان کی 3بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے ناقابل بھروسہ قرار دیا ہے۔

تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ نریندر مودی شاید اس سیزفائر کو آگے لے کر نہیں چلیں گے۔رہنماؤں نے کہا کہ اگر نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے پھر کوئی مہم جوئی کی کوشش کی تو پاک فوج اسے پھر منہ توڑ جواب دے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات