Live Updates

انڈیا کا جنوبی ایشیاء پر بالادستی کا خواب 10 مئی کے چند گھنٹوں میں چکنا چور ہوگیا

بھارتی جنگی جنون نے ایشیا کو یونی پولر کی بجائے بائی پولر بنا دیا ہے، وزیراعظم نے اگر قومی کانفرنس نہ بلائی تو عسکری محاذ پر کامیابی کے بعد لمحوں کی یہ خطا بڑی تباہ کن ہوسکتی ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 14 مئی 2025 20:35

انڈیا کا جنوبی ایشیاء پر بالادستی کا خواب 10 مئی کے چند گھنٹوں میں چکنا ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 14 مئی 2025ء ) نائب امیر جماعت اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پہلگام سانحہ کی بنیاد پر انڈیا کے فالس فلیگ جنگی جنون نے خود اُس کو ہی بڑا نقصان پہنچایا ہے، انڈیا کا جنوبی ایشیاء پر بالادستی کا خواب 10 مئی کے چند گھنٹوں میں چکنا چور ہوگیا۔ انڈیا کے جنگی جنون نے ایشیا کو یونی پولر کی بجائے بائی پولر بنا دیا ہے۔

مغرب کے اسلحہ کی برتری کا دبدبہ اور بھرم ٹوٹ گیا اور چین باقاعدہ امریکہ کے ہم پلہ طاقت بن کر سامنے آگیا ہے، امریکہ اور یورپ کو افغانستان، یوکرین، غزہ فلسطین اور یمن کے محاذ پر بڑی ہزیمت کا سامنا ہوا، اب انڈین مودی فاشسٹ کی حماقتوں نے سب کو دیوار سے لگا دیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں ملکی حالات کے تناظر میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے سید ناصر شیرازی،  مفتی گلزار نعیمی، انجینئر نصراللہ رندھاوا، علامہ عارف حسین واحدی، طاہر رشید تنولی، ڈاکٹر شیر سیالوی شریک تھے۔ لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں یدیۃ الہادی کے سربراہ پیر سید ہارون علی گیلانی سے ملاقات کی اور آزاد جموں و کشمیر جماعتِ کے رہنماؤں ڈاکٹر محمد مشتاق، جھانگیر خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جماعتِ اسلامی اسلام آباد کے امیر نصراللہ رندھاوا موجود تھے۔

ملکی حالات، بیرونِ ملک کشمیریوں، پاکستانیوں کے جذبوں اور ملک کو درپیش بحرانوں خصوصاً تحریک آزادی کشمیر پر بات ہوئی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی ناجائز قبضہ کے لیے اِسے دنیا کی سب سے بڑی چھاؤنی بنادیا گیا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر لاکھوں کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے جدوجہد کی ترجمان ہے، آزادی کشمیر اور حقِ خودارادیت کے حصول کے جدوجہد کی تحریک کو دہشت گرد تحریک قرار دینا بھارت کا بہت بڑا جھوٹ اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضہ اور کشمیری قیادت، خواتین نوجوانوں کو اور عام انسانوں پر ظلم، قتلِ عام کو ازسرِنو پوری دنیا میں بے نقاب کرنا خطے میں امن کے لیے ناگزیر ہوگیا ہے۔

پاک بھارت حالیہ جنگی معرکہ میں پاکستان کا بِلاخوف و تردد پلہ بھاری رہا۔ اِسی سے پاکستان میں وحدت و یکجہتی کی فضاء بنی ہے اور ملک کے اندر بیرونِ ملک پاکستانیوں خصوصاً کشمیریوں میں نیا جذبہ اور عزم پیدا ہوا ہے اور ملک کے اندر، بیرونِ ملک پاکستانیوں خصوصاً کشمیریوں میں مادرپدر آزادی، قوم پرستی کی آڑ میں زہر پھیلانے والے بیانیہ کو زِ ک پہنچی ہے۔

ملک و ملت کی ساکھ بحال ہوئی اور عوام میں نیا جذبہ اور عزم پیدا ہوا ہے۔ بھارتی چیرہ دستیاں بے نقاب ہونا ضروری ہیں۔ قومی سلامتی کو لاحق ہر دم بھارت کے مکروہ عزائم کے مقابلہ کے لیے بیدار، تازہ دن رہنا ضروری ہے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے اب کامل یکسوئی سے کشمیریوں کے قیادت اور عوام کی اُمنگوں کے مطابق مضبوط حکمتِ عملی بنائی جائے۔

سفارتی محاذ پر کشمیریوں کے مؤقف اور قیادت کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ عسکری محاذ پر افواجِ پاکستان کو بڑی کامیابی ملی اور وزیراعظم میاں شہباز شریف اور حکومتی ٹیم نے بھرپور قومی کردار ادا کیا، پوری قوم بیدار ہوگئی، نیا جذبہ ولولہ پیدا ہوا لیک یہ امر آنکھوں سے اوجھل نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی بحرانوں کو ٹالنے کے لیے سر ریت میں ڈالنا چاہیے. َیاسی، اقتصادی اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔

قومی قیادت کی قومی کانفرنس بلانا وزیراعظم کی گردن پر قرض ہے۔ عسکری محاذ پر کامیابی کے بعد لمحوں کی خطا اور لاپروائی بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ جماعت اسلامی قومی وحدت کو مضبوط بنانے، ملک کو بحرانوں سے نجات دِلانے  اور آئین و قانون کی حکمرانی، بااعتماد جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات