Live Updates

مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے، وزیراعلی سندھ

ہمارے جوانوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے ،*سندھ کے نوجوان ملکی دفاع میں ہر اول دستہ ہیں، دشمن کی سازشوں کا ادراک ہے سید مراد علی شاہ

جمعہ 16 مئی 2025 20:40

مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے، وزیراعلی سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور قومی سطح پر یومِ تشکر منانے کے سلسلے میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر منعقدہ "معرکہ حق" ریلی میں شرکت کرتے ہوئے وزیراعلی نے قوم کے جوش و جذبے کو سراہا اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلی سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا کے مطابق پرچم کشائی کی تقریب نیو سیکریٹریٹ کے آنگن میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور اعلی افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران قومی ترانہ بجایا گیا اور "پاکستان زندہ باد" اور "کشمیر بنے گا پاکستان" کے فلک شگاف نعرے گونجے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے۔

ہمارے جوانوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور پوری قوم کو اپنے سپوتوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قوم کا جذبہ حب الوطنی قابلِ تقلید ہے۔ وطن کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پوری قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے اور عوام ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ سندھ کے نوجوان ملکی دفاع میں ہر اول دستہ ہیں۔

ہمیں دشمن کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے اور پوری قوم متحد ہے۔ سندھ حکومت ہر محاذ پر وطن کے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کے مطابق آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے اور سندھ سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ ملیر کینٹ میں یادگارِ شہدا پر حاضری دے کر خراجِ عقیدت پیش کریں گے اور سہ پہر تین بجے سندھ اسمبلی میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے جس کا ایجنڈا بھارتی جارحیت کے خلاف تاریخی فتح اور قومی اتحاد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی حملے کے نتیجے میں سندھ کے سات سپوت شہید ہوئے، جن میں پاک فضائیہ کے چھ جوان بولاڑی میں اور ایک شہری مختیار لغاری گھوٹکی میں شہید ہوئے۔

وزیراعلی سندھ نے اعلان کیا کہ شہدا کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کو دس دس لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی رہنمائی میں کام جاری ہے۔ وفاق کے ساتھ بھی اجلاس ہو رہے ہیں تاکہ آئی ایم ایف کی شرائط کے باوجود صوبے کے عوام کے لیے بہتر بجٹ پیش کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں صاف پانی، نکاسی آب، سولر انرجی، تعلیم، صحت، اور سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کو بجٹ میں ترجیح دی جا رہی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے وفاق سے شکوہ کیا کہ سنہ 2013 سے اب تک سندھ کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔ سکھر-حیدرآباد موٹروے جیسے منصوبے صرف خانہ پوری نہیں، بلکہ مکمل پلان کے ساتھ مکمل کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ موٹروے منصوبہ تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔ این ایف سی ایوارڈ سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق نے ایک سال بعد نام مانگا تھا ، ہم نے 24 گھنٹوں میں نام دے دیا۔ تاہم، باقی صوبے کس حد تک سنجیدہ ہیں، اس پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات