Live Updates

’عید سے پہلے بڑے رہنما رہا ہوں گے‘ جون تک عمران خان کی رہائی کا دعویٰ

بات چیت شروع ہوگئی ہے، عمران خان نے ملاقات کرنے والی شخصیت سے کہا کہ میں نے عدالتوں کے ذریعے رہا ہونا ہے، اس وقت سزا معطلی کا کیس لگنا ایک اہم پیشرفت ہے؛ سینئر صحافی نجم سیٹھی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 مئی 2025 12:05

’عید سے پہلے بڑے رہنما رہا ہوں گے‘ جون تک عمران خان کی رہائی کا دعویٰ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جون تک رہائی کا دعویٰ سامنے آگیا۔ سماء ٹی وی کے پروگرام میں سینئر صحافی نجم سیٹھی نے بتایا کہ عمران خان سے بات چیت شروع ہوگئی ہے، تحریک انصاف کیلئے اچھی خبریں آئیں گی، عید سے پہلے بڑے رہنماء رہا ہوں گے جب کہ عمران خان نے ملاقات کرنے والی شخصیت سے کہا کہ میں نے عدالتوں کے ذریعے رہا ہونا ہے اور جون تک عمران خان کی رہائی کا امکان ہے، عمران خان کی سزا معطلی کا کیس لگنا ایک اہم پیشرفت ہے۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ 6 مئی کو عمران خان سے ایک غیر سیاسی شخصیت نے اڈیالہ میں ملاقات کرکے بھارت کے ساتھ ہونے والی کشیدگی پر بریفنگ دی، انہیں بالکل ایسے بریفنگ دی گئی جیسے وزیر اعظم کو بریفنگ دی جاتی ہے، جس میں عمران خان کو اعتماد میں لیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ بھارت پاکستان پر یہ الزامات لگا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جا کر کہا گیا کہ ملک کی خاطر آپ اور آپ کی یوتھ کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کی یوتھ فوج کو کافی عرصے سےاٹیک کر رہی ہے وہ اب نہ کرے، جس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ آپ کے ساتھ اختلافات سیکنڈری ہیں، ہم آپ کے اور قوم کے ساتھ ہیں، ملک کی خاطر میں اپنی اندرونی لڑائی کو روک دیتا ہوں اور مودی کے خلاف آپ کے ساتھ ہوں، جس پر کہا گیا کہ آپ کا بہت شکریہ، ہمیں آپ سے یہی توقع تھی۔

نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ 6 مئی کو عمران خان کے ساتھ جیل میں ہونے والی ملاقات کے بعد ٹویٹر کھولا گیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا والوں کو سائبر واریئرز قرار دیا، پنجاب میں پاکستان زندہ بعد ریلیز نکالنے والوں کو چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر رہا کردیا گیا، رانا ثناء اللہ اور عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کی تعریف کی، الیکشن کمیشن کو گرین سگنل دیا گیا ہے کہ ثانیہ نشتر کی خالی کردہ سیٹ پر سینٹ کا الیکشن کروا دیں، اس ساری پیشرفت کے نتیجے میں مئی کے اختتام یا جون میں عمران خان کی رہائی ہو سکتی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات