Live Updates

بھارت کو پاکستان کیخلاف جنگ میں سفارتی محاذ پر بھی سخت خفت کا سامنا کرناپڑا ،فرح ناز اکبر

پاکستان نے سیاسی بصیرت اور دانشمندی کا مظاہرہ کرکے عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو مزید مضبوط کیاجبکہ بین الاقوامی برادری ،باالخصوص امریکہ بھی پاکستانی موقف کا معترف ہے،مسلم لیگی رہنما

اتوار 18 مئی 2025 18:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدر ورکن قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وقومی ورثہ فرح ناز اکبرنے کہاہے کہ بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ نے بھی پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی سفارتی کامیابی اور بھارت کی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی موثر جوابی کارروائی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ہر سطح پر اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے تیار ہے،بھارت کو پاکستان کے خلاف جنگ میں نہ صرف عسکری میدان میں ناکامی ہوئی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی سخت خفت کا سامنا کرناپڑا اور پاکستان کی موثر جوابی کارروائی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ہر سطح پر اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان نے سیاسی بصیرت اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو مزید مضبوط کیا،بین الاقوامی برادری ،بالخصوص امریکہ بھی پاکستانی موقف کا معترف ہے،پاک چین کے دفاعی اشتراک سے بھارتی ایئر فورس کو شدید نقصان پہنچا، عالمی سطح پر رافیل طیاروں کی تباہی بھارت کیلئے باعث شرمندگی ہے، بھارت پہلگام حملے میں پاکستان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکا،پاک فوج کی حکمت عملی اور عالمی سفارتی حمایت نے بھارتی غرورخاک میں ملادیا۔

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کا بیانیہ نہ صرف واضح اور دوٹوک ہے بلکہ قومی مفادات ،آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے تسلسل کا ضامن بھی ہے، مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے او ہر مشکل گھڑی میں ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی رہی ہے، موجودہ دور میں جب وطن عزیز اندرونی وبیرونی چیلنجز کا سامنا کررہاہے،سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے،مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف کی قیادت میں وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی قیادت میں اس امر پر کامل یقین رکھتی ہے کہ ایک مضبوط ،مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد صرف آئین کی پاسداری،قانون کی حکمرانی اور اداروں کے احترام سے ہی رکھی جاسکتی ہے۔

انہوں نے دشمن قوتوں کے پروپیگنڈے کو یکسرمسترد کرتے ہوئے کہاکہ جہاں دشمن کی جانب سے اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے وہاں افواج پاکستان نے جس تدبر ،پیشہ وارانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل فخر ہے، بھارتی حکمران جماعت کی سازشیں اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کسی سے ڈھکی چھپی نہیں جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے اوراس کی مسلح افواج، غیور عوام اور باصلاحیت قیادت ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،مسلم لیگ(ن) نہ صرف افواج پاکستان،عدلیہ اور پارلیمنٹ بلکہ تمام ریاستی اداروں کے ساتھ کندھے کے ساتھ کندھا ملا کر کھڑی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات