Live Updates

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پاکستان نیوی ڈاک یارڈ کا دورہ ، آپریشن "بنیان مرصوص" میں پاکستان نیوی کے کلیدی کردار پر خراجِ تحسین پیش

پیر 19 مئی 2025 23:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو پاکستان نیوی ڈاک یارڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آپریشن "بنیان مرصوص" میں پاکستان نیوی کے کلیدی کردار پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا استقبال کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے ٹائپ 054-اے کلاس ڈسٹرائر پی این ایس تیمور پر سوار ہوکر پاکستان نیوی کے اسٹریٹجک امور، آپریشنل سرگرمیوں اور جاری آپریشن کے دوران قابلِ ذکر خدمات پر کمانڈر پاکستان فلیٹ سے بریفنگ لی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جنگی تیاری اور قومی دفاع کے لیے عزم و استقامت کی بھرپور تعریف کی۔

انہوں نے پوری قوم کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور مسلح افواج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔جوانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیوی کی مستحکم حکمت عملی، آپریشنل مہارت اور مؤثر دفاعی صلاحیت دشمن کی بحری جارحیت کا منہ توڑ جواب ہے۔ انہوں نے بحری تجارتی راستوں کی حفاظت اور سمندری خودمختاری کے تحفظ میں نیوی کے کردار کو خصوصاً سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان نیوی کی فیصلہ کن کارروائیوں کی درخشاں تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی ہر وقت ہر قسم کے ہائی انٹینسٹی آپریشن، بشمول تاریخی آپریشن دوارکا جیسے مشن، انجام دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال ، وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات