Live Updates

ایبٹ آباد،ہماری بہادر افواج نے بھارت کا ڈیفنس سسٹم ناکارہ بنایا،علامہ احمد لدھیانوی

جمعہ 23 مئی 2025 17:42

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) سنی علماء کونسل کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے غزہ کے مظلوم اور نہتے مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کو تاریخ کی بدترین دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سازش کے تحت فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے. وقت کا تقاضا ہے کہ اس ظلم کے خلاف متحد ہو کر اسرائیلی اور بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا جائے۔

ہماری بہادر اور پیشہ ورانہ افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کرکے بھارت کے ڈیفنس سسٹم کو ناکارہ بنا دیا تھا ۔ وہ تاجدار ختم نبوت چوک ایبٹ آباد سنی علماء کونسل ضلع ایبٹ آباد کے زیر اہتمام منعقدہ بیداری امت واستحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ کانفرنس سے سنی علماء کونسل صوبہ خیبر پختون خواہ کے سیکرٹری جنرل مولانا رب نواز طاہر ،خطیب ہزارہ مولانا مفتی حمید الرحمان قریشی، وفاق المدارس العربیہ پاکستان ایبٹ آباد کے مسؤل مولانا حبیب الرحمن ،جمیعت علمائے اسلام کے مولانا قاری غلام مجتبی ،سنی علماء کونسل ضلع ایبٹ آباد کے صدر مولانا عبداللہ عباسی ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع ایبٹ آباد کے نائب امیر مولانا صدیق شریفی ،پریس کلب ایبٹ آباد کے سیکرٹری جنرل راجہ منیر خان مولانا امان اللہ مولانا اصغر عباسی،مولانا مفتی جعفر طیار مقبول اعوان، مولانا جہانگیر عباسی اور مولانا شریف الدین سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سنی علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ اورنگزیب فاروقی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل بھارت کوڈرون اور اسلحہ فراہم کر کے پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت میں برابر کا شریک ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح صحابہؓ نے جرات کے ساتھ پوری دنیا میں اسلام کا پرچم لہرایا اسی طرح صحابہؓ کے نام لیوا بھی اسلام اور پاکستان کا دفاع کریں گے ۔

جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے مہتمم مولانا عبد الحق ثانی نے کہا کہ جس طرح افغانستان میں روس کو شکست ہوئی اسی طرح اسرائیل اور اس کے حواری بھی ذلیل ہوں گے۔مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے کہا کہ طاغوتی طاقتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ علامہ عطاء محمد دیشانی کہ ہماری جماعت کے لاکھوں کارکن پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ملکی اداروں کے ساتھ ہر وقت کھڑے ہیں ۔

آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات پیرمظہر سعید شاہ نے کہا کہ بھارت زیادہ دیر تک ڈرامے کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا ۔اسے کشمیر پر اپنا قبضہ چھوڑنا ہوگا ۔مرکزی مسلم لیگ کے راہنماشیخ یعقوب نے اپنے خطاب میں بھارت اور اسرائیل کومسلم امہ کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ان کی شکست یقینی ہے۔اس موقع پر ممتاز قانون دان اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے مرکزی نائب صدر فدا بہادر ایڈووکیٹ ایوان تجارت کے مرکزی رہنما اور سابق ایم پی اے خورشید اعظم خان جدون اہلسنت والجماعت کے صوبائی رہنما حاجی نواز خان جدون مرکزی جامع مسجد حویلیاں کے خطیب مولانا مفتی ڈاکٹر قاسم ،سابق مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام مصطفیٰ خان جدون، پاکستان راہ حق پارٹی تحصیل حویلیاں کے صدر ایمل خان جدون نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ علماء اکرام معززین علاقہ اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات