Live Updates

بھارت کی پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کروانے کی کوششیں بے نقاب

بھارت خطے میں بالادستی اور پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر سازشوں میں مصروف ہے، ماہرین

اتوار 25 مئی 2025 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر بے بنیاد پروپیگنڈے اور ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں دوبارہ شامل کروانے کی کوششیں بے نقاب ہو گئیں ۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت نے پاکستان کیلئے ورلڈ بینک کے 20ارب ڈالر کے منصوبے کی بھی مخالفت کی ہے اور آئی ایم ایف کی امداد پر اعتراض کر کے اپنی خوفزدگی ظاہر کی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت خطے میں بالادستی قائم رکھنے اور پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کے لیے بین الاقوامی سازشوں میں مصروف ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے متنازع بیان "میری نسوں میں خون نہیں، سندور بہتا ہی" نے بھارتی عوام میں شدید غصے کی لہر دوڑا دی ہے اور عوام نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف انتخابی فائدے کے لیے گمراہ کن بیانات دے رہے ہیں جبکہ پہلگام واقعے کے متاثرین کی داد رسی تک نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت ایک بار پھر دنیا کے سامنے رکھ دیے ہیں، جن میں بلوچستان میں دہشت گردی، شرم الشیخ مذاکرات میں بھارتی مداخلت، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اعترافات، وکی لیکس کے انکشافات اور حالیہ خفیہ ایجنٹوں کے اعتراف شامل ہیں۔دفاعی ماہرین نے کہا کہ پاکستان کو نشانہ بنانے والی بھارتی کارروائیاں نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین سواہنے نے پاکستان کے خلاف حالیہ بھارتی حملے کو "غلط اقدام" قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جارحیت کر کے کچھ حاصل نہیں کیا بلکہ اپنی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بھرپور جواب دیا اور اب بھارتی پالیسی ساز اپنی ناکامی تسلیم کر رہے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات