Live Updates

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی قیادت میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج

فارم 45 کے مطابق اراکین اسمبلی سمیت پی ٹی آئی رہنمائوں اور وکلا کی بڑی تعداد احتجاج میں شریک ہوئی

منگل 27 مئی 2025 18:39

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی قیادت میں الیکشن کمیشن کے دفتر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی قیادت میں فارم 45 کے مطابق کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ سے الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کے بعد الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنماں نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین عمران خان کے مقدمات کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے اور عدلیہ کو آزاد کر کے الیکشن ٹریبیونل میں فارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی کے زیر التوا کیسز پر فوری فیصلہ دیکر اسمبلیوں میں بیٹھے جعلی نمائندوں کو معطل کیا جائے۔

احتجاج کی قیادت پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور کراچی کے صدر راجا اظہر نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیرزمان، عالمگیر خان، جمال صدیقی، آفتاب جہانگیر، ایڈووکیٹ عبدالوہاب بلوچ، ایڈووکیٹ ظہور محسود، سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شبیر قریشی، اراکین سندھ اسمبلی ریحان بندوکڈا، ریحان راجپوت، سجاد سومرو، واجد حسین، چودھری اویس، بلاول جدون، ساجد میر سمیت دیگر فارم 45 کے مطابق جیتے ہوئے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور بڑی تعداد میں وکلا نے شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عدلیہ کو آزاد ہونا چاہیے، لیکن مخصوص ججوں کے ذریعے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔ پہلے عام انتخابات میں ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، اب مخصوص نشستیں بھی ہتھیائی جا رہی ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی ضمانت کا مقدمہ ابھی تک سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا۔

گزشتہ سماعت پر اسلام آباد میں احتجاج کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمہ مقرر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن وعدہ پورا نہیں کیا گیا، جو قوم کے ساتھ زیادتی ہے۔ پوری قوم مطالبہ کر رہی ہے کہ عمران خان سمیت تمام پی ٹی آئی قائدین کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان پر قائم جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں۔ شدید گرمی کے عالم میں قوم کے عظیم لیڈر بے گناہ جیل میں قید ہے۔

القادر ٹرسٹ کیس میں اصل کرپشن کے ذمہ دار آصف علی زرداری اور نواز شریف ہیں، ملک ریاض نے آصف زرداری کے ذریعے کمائی سے نواز شریف کے بیٹے سے جائیداد خریدی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل میں فارم 45 کے مطابق کامیاب امیدواروں کے مقدمات کو سنا نہیں جا رہا۔ کراچی کے اصل عوامی نمائندے سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہیں جبکہ جعلی فارم 47 کے تحت بنائے گئے نمائندے اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں۔

ہمارا احتجاج عدلیہ کی آزادی اور اپنے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے ہے۔ ہمارے پانچ وکلا بھی منتخب ایم این ایز ہیں جن کا مینڈیٹ چھینا گیا، ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی تمام ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے۔پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجا اظہر نے کہا کہ آج فارم 45 کے حقیقی عوامی نمائندے سراپا احتجاج ہیں۔ عدلیہ ہمارے مقدمات نہیں سن رہی، اسی لیے ہم الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر آئے ہیں۔

26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کی آزادی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ پوری قوم انصاف کا مطالبہ کر رہی ہے، اور چاہتی ہے کہ مقدمات کو مقرر کیا جائے اور سماعت کی جائے۔ زرداری اور نواز شریف کی جعلی حکومتوں نے عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتیاں کیں۔ فارم 45 کے مقدمات کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔پی ٹی آئی رہنما جمال صدیقی نے کہا کہ عمران خان عالمِ اسلام کے ایک عظیم رہنما ہیں، ان کے خلاف جھوٹے مقدمات فورا ختم کیے جائیں۔

اس وقت پوری قوم کو عمران خان کی قیادت کی ضرورت ہے۔ آج القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت کا دن ہے، اور ہم یکہجہتی کے لئے احتجاج کر رہے ہیں کہ کیس کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، عمران خان کو دی گئی جھوٹی سزائیں معطل کی جائیں، اور انہیں باعزت بری کیا جائے۔ فارم 45 کے مطابق کامیاب ہونے والے نمائندوں کو ان کا حق دیا جائے اور فارم 47 کے جعلی نمائندوں کو معطل کیا جائے۔

انصاف لائرز فورم کراچی کے صدر ایڈووکیٹ ظہور محسود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان قوم کے عظیم رہنما ہیں اور ان کے خلاف القادر ٹرسٹ کا مقدمہ جھوٹ پر مبنی ہے، جسے فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر نہ کرنا پوری قوم کے ساتھ نااںصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے، لیکن فارم 47 میں جعلسازی کے ذریعے ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوا کر قوم کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔ یہ تمام مقدمات الیکشن ٹریبونل میں زیرِ سماعت ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان مقدمات کا فوری فیصلہ کیا جائے اور قوم کا چوری شدہ مینڈیٹ واپس دلایا جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات