ٓبھارت کی جانب سے پانی کو ہتھیار بنانے کی دھمکی انتہائی افسوسناک ہے : سردار سلیم حیدر خان

جمعرات 29 مئی 2025 20:50

ٰلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا میں پرامن احتجاج کے دوران پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت عوام کے ساتھ براہ راست تصادم کی حکمت عملی کی بھاری قیمت ادا کرے گی۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مودی کی تاریخی تذلیل اور رسوائی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سمیت ہر کسی نے بھارت کے خلاف پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں واہ کینٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں چوہدری عارف محمود سابق وائس چیئرمین کنٹونمنٹ بورڈ واہ کینٹ، گلزار احمد سابق صدر پی او ایف ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤس بلڈنگ واہ کینٹ ملک رحمت اللہ، سابق خزانچی، پی او ایف ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤس بلڈنگ سوسائٹی، واہ کینٹ، ملک نوید حسن، (سائٹ انچارج)، پی او ایف سوسائٹی، واہ کینٹ شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آرمی چیف کی قیادت میں بھارت کے خلاف پاک فوج کے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی محفوظ پاکستان کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی کو ہتھیار بنانے کی دھمکی انتہائی افسوسناک ہے اور یہ علاقائی استحکام کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو پاکستان کے خلاف نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے لئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نہ صرف پنجاب بلکہ ملک بھر میں مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں حریف جماعتوں کو ٹف ٹائم دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ کے ساتھ ملک کے اگلے نوجوان وزیراعظم بنیں گے۔